لاہور (یواین پی ) پاکستانی شائقین کرکٹ کیلئے بڑی خوشخبری، پی ایس ایل 5 کے بقیہ میچز کروانے کی تیاریاں، میچز کی حتمی تاریخوں کا بھی اعلان کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے نومبر میں پاکستان سپر لیگ 5 کے بقیہ میچز کا انعقاد کروانے کا حتمی فیصلہ کر لیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ پی ایس ایل کے بقیہ میچز 11،12 اور 13 نومبر کو کروائے جائیں گے۔ذرائع کا بتانا ہے کہ پی سی بی نے پی ایس ایل کو مزید نقصان سے بچانے کیلئے نومبر میں پانچویں ایڈیشن کے بقیہ میچز کے انعقاد کی تیاریاں تیز کر دی ہیں۔ پی ایس ایل 5 کے کل 4 بقیہ میچز کھیلے جانے ہیں جن میں 3 پلے آف میچز اور ایک فائنل ہے۔ اس سے قبل پی سی بی ذرائع کا کہنا تھا کہ پاکستان سپر لیگ2020ء کے تین پلے آف اور فائنل اگلے سال پی ایس ایل 6 سے قبل کرائے جائیں گے۔ان میچوں سے ٹیمیں اپنی تیاری بھی کریں گی۔پی سی بی نے واضح کیا تھا پوائنٹس ٹیبل پر نمبر ایک ملتان سلطانز کو فاتح قرار دینے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔ ری شیڈولنگ میں پلے آف کھیلنے والی ٹیموں کے پاس دو چانس ہوں گے۔ واضح رہے کہ مارچ میں پاکستان سپر لیگ کے پلے آف مرحلے کو کرونا وائرس پھیلاو کی وجہ سے ہنگامی طور پر منسوخ کر دیا گیا تھا۔ ذرائع کا بتانا ہے کہ پی ایس ایل 5 کے تمام بقیہ میچز لاہور میں ہی کھیلے جانے کا امکان ہے۔