جکارتہ (یواین پی) مردہ قرار دی گئی 12 سالہ لڑکی دوران غسل زندہ ہو گئی۔ لڑکی کی تدفین کے لیے جب اسے نہلایا گیا تو اچانک اس نے آنکھیں کھول دیں، دھڑکن چلنے لگی اور اس کا جسم بھی حرکت میں آ گیا۔ تفصیلات کے مطابق انڈونیشیا میں اپنی نوعیت کا ایک انتہائی نادر واقعہ سامنے آیا ہے جس میں ایک 12 سالہ بچی مردہ قرار پانے کے بعد زندہ ہو گئی۔خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سیتی مصففہ وردہ نامی 12 سالہ لڑکی کو ڈاکٹرز کی جانب سے مردہ قرار دے دیا گیا جس کے بعد لواحقین اسپتال سے اس کی باڈی کو لے کر گھر چلے آئے۔ گھر میں تجہیز و تدفین کے غرض سے اہل خانہ نے جب بچی کو غسل دینا شروع کیا تو یہ دیکھ کر ان کی حیرت کی انتہا نہ رہی کہ بچی نے اچانک آنکھیں کھول لی ہیں، عینی شاہدین کے مطابق بچی نے دوران غسل آنکھیں کھولیں اور اس کی دھڑکن بھی چلنا شروع ہو گئی۔یہ بھی بتایا گیا کہ لڑکی کی باڈی بھی حرکت کرنے لگی تھی۔ لواحقین نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ جب لڑکی نے غسل کے دوران آنکھیں کھولیں تو اس کا جسم اچانک گرم ہو گیا تھا۔ اس سارے واقعے کے بعد اہل خانہ نے فوراََ ڈاکٹرز کو بلا لیا، ڈاکٹرز جب لڑکی کو آکسیجن دینے کے لیے گھر پہنچے تو لڑکی ان کے آنے سے پہلے ہی دوبارہ ابدی نیند سو چکی تھی۔ ڈاکٹرز نے گھر پہنچ کر ایک بار پھر لڑکی کی موت کی تصدیق کر دی جس کے بعد اسے دوبارہ غسل دیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے بعد دوبارہ غسل دینے کے بعد لڑکی کو مقامی قبرستان میں دفن کر دیا گیا۔