کراچی: (یواین پی) کراچی میں بارش کیا ہوئی، سوشل میڈیا پر جعلی خبروں کا سیلاب آگیا، ہر طرف غلط خبروں کی طغیانی ہوگئی، جعلی ویڈیوز کا ریلا بپھر گیا، بغیر تحقیق کے ویڈیوز شئیر کی گئیں، پریشان حال شہریوں کو مزید خوف زدہ کیا گیا۔ ایک طرف بارش کی تباہی، تو دوسری طرف جعلی خبروں کا طوفان کہیں بھارت کی فوٹیج پر کراچی کا ٹھپہ لگا دیا گیا، تو کہیں انڈین مگر مچھوں کے شہر قائد میں نمودار ہونے کا ڈھنڈورا پیٹا گیا اور تو اور بنگلا دیش میں سیلاب کے مناظر کو کراچی کا علاقہ یوسف گوٹھ قرار دے دیا گیا۔سوشل میڈیا پر کراچی کے عنوان سے ایسی ہی ایک ویڈیو وائرل ہوئی جس میں چار منچلے کئی منزلہ مکان سے سیلابی پانی میں غوطہ مار تے دیکھے جا سکتے ہیں۔ جبکہ حقیت یہ ہے کہ اس ویڈیو کی اصل آڈیو کو بدل دیا گیا، سنئئے اصل آڈیو میں کہا جارہا ہے کہ یہ گنگا ندی ہے، یعنی بھارت کے مناظر ہیں۔سوشل میڈیا پر کراچی میں مگرمچھوں کے دندناتے پھرنے کا بھی خوب چرچا ہوا، ویڈیوز شیئر کی گئیں، دوسروں کو ڈرایاگیا، کہا جاتا رہا کہ منگھو پیر کے مگرمچھ اختر سکول نیو کراچی پہنچ کے پاس گئے۔