ٹیکسلا ( یو این پی /ڈاکٹر سید صابر علی سے )پی ا و ایف سپورٹس کنٹرول بورڈ کے زیر انتظام پی او ایف سپورٹس جمنازیم میں 47ویں نیشنل والی بال چیمپیئن شپ 2014کا آغاز ہو گیا ہے۔اس چیمپیئن شپ میں ملک بھر کی 12نامور ٹیمیں بشمول پولیس، پنجاب، فاٹا، سندھ، خیبر پختونخواہ ، واپڈا، پی او ایف ، اسلام آباد، پاکستان نیوی، پاکستان ایئر فورس اور پاکستان آرمی حصہ لے رہی ہیں۔ افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی جناب محمد آصف ممبر پی او ایف بورڈ تھے جنہوں نے 47ویں نیشنل والی بال چیمپیئن شپ 2014اوپن کرنے کا اعلان کیا۔ اس سے پہلے محمد افضل صدر پی او ایف سپورٹس کنٹرول بورڈ نے استقبالیہ کلمات میں کہا کہ چیئرمین پی او ایف بورڈ کی کھیلوں میں خصوصی دلچسپی اور ان کی ہدایات کی روشنی میں پی او ایف سپورٹس کنٹرول بورڈ اس نیشنل والی بال چیمپیئن شپ سے پہلے ایشیئن سٹائل کبڈی چیمپیئن شپ، نیشنل سائیکل ریس، نیشنل جونیئر باسکٹ بال چیمپیئن شپ، پی او ایف اوپن والی بال چیمپیئن شپ اور پی او ایف اوپن شوٹنگ کے کامیاب مقابلوں کا انعقاد کر ا چکا ہے۔ صدر پی او ایف سپورٹس کنٹرول بورڈ نے کہا کہ سپورٹس جمنازیم کو انٹر نیشنل ایونٹ کے لیے تیار کیا گیا ہے اور واہ کینٹ میں کھیلوں کی سرگرمیوں کو ایک بار پھر زندہ کر دیا گیا ہے اور واہ کے تمام گراؤنڈ اس وقت آباد ہیں جو کہ ایک صحت مند معاشرے کی علامت ہے۔ پی او ایف انتظامیہ اپنے ملازمین اور ان کے بچوں کو صحت مند سرگرمیاں کی سہولیات بہم پہنچانے کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہے۔ اس افتتاحی تقریب کے موقع پر والی بال فیڈریشن کے عہدیداران ، پی او ایف کے سینئر افسران اور تماشائی کی کثیر تعداد موجود تھی۔ اس چیمپیئن شپ کا فائنل 23مارچ 2014کو کھیلا جائے گا۔