کراچی (یواین پی) کراچی میں پھر سے بارش شروع ہوگئی، بارش کا اسپیل کل تک جاری رہنے کا امکان، ممکنہ طور پر شہر قائد کیلئے مون سون کا یہ آخری اسپیل ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کی جانب سے 2 روز قبل پیشن گوئی کی گئی تھی کہ شہر قائد کراچی میں اب اگلے 10 روز مزید بارش نہیں ہوگی، تاہم جمعہ کی شب کو شہر میں دوبارہ سے بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا۔بتایا گیا ہے کہ جمعہ کی شب کو شہر قائد کے مختلف علاقوں میں بارش ہوئی، تاہم اس کی شدت زیادہ نہیں تھی۔ بتایا گیا ہے کہ کراچی میں آج رات اور کل مزید بارش کا امکان ہے۔ مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش ہوگی۔ بتایا گیا ہے کہ شہر کے جنوب مشرق میں بحیرہ عرب میں ٹرف موجود ہے۔ ٹرف کے زیر اثر مغربی اور وسطی سندھ میں معتدل بارش کا امکان رہے گا۔تاہم 15 ستمبرکے بعد مون سون سندھ سے رخصت ہوجائے گا۔ مزید بتایا گیا ہے کہ کراچی اور بلوچستان میں حالیہ شدید سیلاب کی وجہ سمندری طوفانوں میں اضافہ ہے جو موسمیاتی تبدیلی کے باعث سطح سمندر بلند ہونے کا نتیجہ ہے۔ دوسری جانب محکمہ موسمیات نے پنجاب اور خیبرپختونخواہ میں مزید اور غیر معمولی بارشوں کی پیشن گوئی کی ہے۔ جاری رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ رواں ماں ستمبر کے دوران پنجاب اور خیبرپختونخواہ میں معمول سے زیادہ بارشیں ہوں گی۔