لاہور(یو این پی)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے لائن آف کنٹرول پر بھارت کی بلا جواز فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت عالمی قانون اور دو طرفہ معاہدوں کی دھجیاں اڑا رہا ہے، عالمی برادری بھارت کے جنگی جنون اور جنوبی ایشیا کا امن تباہ کرنے کی کارروائیوں کا نوٹس لے ۔تفصیلات کے مطابق اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف نے لائن آف کنٹرول پر بھارت کی بلا جواز فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کی بلاجواز فائرنگ سے متاثرہ شہریوں سے یکجہتی اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں،شہری آبادی کو نشانہ بنانا بھارتی فوج کی بزدلی اور غیر پیشہ ورانہ رویے کا ثبوت ہے۔انہوں نےکہاکہ بھارت عالمی قانون اور دو طرفہ معاہدوں کی دھجیاں اڑا رہا ہے، عالمی برادری بھارت کے جنگی جنون اور جنوبی ایشیا کا امن تباہ کرنے کی کارروائیوں کا نوٹس لے ۔میاں شہباز شریف نے شہیدحوالدار لیاقت کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی بلا جواز فائرنگ کا بھر پور جواب دینے پر مسلح افواج کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔