کوئٹہ(یوا ین پی)ترجمان بلوچستان حکومت لیاقت شاہوانی کا کہنا ہے کہ صوبے میں کورونا کیسز میں اضافہ ہورہا ہے، اگر صورتحال یہی رہی تو لاک ڈاؤن کی جانب جانا پڑے گا۔ کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ترجمان حکومت بلوچستان لیاقت شاہوانی کا کہنا تھا کہ صوبے میں گزشتہ ماہ اگست میں کوروناکی شرح 6فیصد تھی، جو رواں ماہ بڑھ کر 15 فیصد تک پہنچ چکی ہے، اور صرف 12 روز کے دوران 5598 ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے 847 میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔لیاقت شاہوانی کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز 10 نئے مریضوں کو آئسولیشن وارڈ منتقل کیا گیا ہے، صورتحال انتہائی نازک ہے اور کیسز میں اضافہ ہورہا ہے، عوام سے گزارش ہے احتیاط کریں، اگر یہی صورتحال رہی تو ہمیں لاک ڈاون کی طرف جانا پڑے گا۔ترجمان حکومت بلوچستان نے مزید بتایا کہ قومی شاہراوں پر کوچز اور وین میں ٹریکر لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، زیادہ تیز مسافر گاڑیوں کو چلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، جب کہ چھوٹی گاڑیوں کو بھی تیز چلانے پر جرمانہ ہوگا۔