اسلام آباد: (یواین پی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ موٹروے واقعہ نے پوری قوم کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ بچوں اور خواتین سے زیادتی کرنیوالوں کو سرعام پھانسی پر لٹکانا یا ایسے لوگوں کی کیسٹریشن ہونی چاہیے،ان کا آپریشن کرکے انھیں ناکارہ کر دینا چاہیے تاکہ آئندہ ایسی حرکت نہ کر سکیں۔نجی ٹیلی وژن کو انٹرویو دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ موٹروے واقعہ کے بعد سب نے کہا کہ اب ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے کچھ نہ کچھ کرنا چاہیے۔ زیادتی کرنیوالے جیل سے باہر آ کر پھر وہی کام کرتے ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ موٹروے واقعے نے پوری قوم کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ ہر کوئی سوچتا ہے کہ اس خاتون کی جگہ ہماری بہن اور بیٹی بھی ہو سکتی تھی۔ اس کی سب کو اتنی تکلیف ہوئی۔عمران خان نے کہا کہ اقتدار سنبھالا تو آئی جیز کی بریفنگ سے حیران ہوا۔ بہت سے زیادتی کیسز تو رپورٹ ہی نہیں ہوتے۔ معاشرے میں فحاشی بڑھے تو سیکس کرائم بڑھتا ہے، جس سے خاندانی نظام تباہ ہو جاتا ہے۔