بنگلورو: (یواین پی) بھارتی اداکارہ سنجنا گلرانی نے مذہب اسلام قبول کر لیا جس کے بعد ان کا مسلم نام ماہرہ رکھ دیا گیا ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق بنگلورو کی مشہور دینی درس گاہ دارالعلوم شاہ ولی اللہ کی جانب سے 2018 میں جاری کیا گیا قبول اسلام کا تصدیق نامہ اب منظر عام پر آیا ہے۔ قبول اسلام کا یہ تصدیق نامہ ایک ایسے وقت میں منظر عام پر آیا ہے جب اداکارہ سنجنا گلرانی کو منشیات کے معاملے میں گرفتار کیا گیا ہے۔بھارتی میڈیا نے معاملے میں دارالعلوم شاہ ولی اللہ کے مہتمم مولانا زین العابدین سے بات چیت کی۔ مولانا زین العابدین نے تصدیق کی ہے کہ فلم اداکارہ سنجنا کو 09/10/2018 میں محکمہ شرعیہ صوبہ کرناٹک کی جانب سے قبول اسلام کا تصدیق نامہ فراہم کیا گیا ہے۔تصدیق نامہ کے مطابق ارچنا منوہر گلرانی بنت منوہرگلرانی عمر 31 سالہ نے بغیرکسی جبر واکراہ کے برضا و رغبت اللہ کے ایک ہونے اور حضرت محمد صلی اللہ علیہ و سلم کو آخری نبی ہونے کو مان کر کلمہ شہادت پڑھ کر دین اسلام قبول کیا ہے۔