تھانہ صدر دیپالپور کی حدود فخر ٹاون میں پولیس /دیہاتیوں اور ڈاکوؤں میں کراس فائرنگ کے نتیجہ میں ایک ڈاکو مارا گیا
اوکاڑہ (یو این پی) تھانہ صدر دیپال پور کے علاقہ صالحووال میں گزشتہ دنوں رونما ہونے والی ڈکیتی اور ریپ کی واردات کا مرکزی ملزم مبینہ طور پر پولیس مقابلے کے دوران ہلاک ہوگیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق تھانہ صدر دیپالپور کی حدود فخر ٹاون میں پولیس /دیہاتیوں اور ڈاکوؤں میں کراس فائرنگ کے نتیجہ میں ایک ڈاکو مارا گیا۔ مزید تفصیلات کے مطابق پکار 15 پر کال موصول ہوئی کہ 7/8 ڈاکو آبادی فخر ٹاون میں داخل ہو گئے جس کے نتیجے میں اہل علاقہ نے مساجد میں اعلان کر تے ہوئے ڈاکوؤں کو گھیر لیا دریں اثناء پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی اور مبینہ کراس فائرنگ کے دوران ایک ڈاکو ہلاک ہوگیا اسی دوران ڈکیتی اور خاتون سے زیادتی کے افسوسناک واقعہ کے مدعی خالد اور دوسری ڈکیتی کے مدعی سلیم نے ہلاک ملزم کو پہچان لیا۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ خطرناک ملزم کے خلاف بر وقت کاروائی کرنے پر اہل علاقہ نے خوشی اور اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ڈی پی او، ڈی ایس پی، ایس ایچ او اور پولیس کے حق میں زبردست نعرے بازی کی جبکہ پولیس کی بھاری نفری نے فرار ملزمان کی تلاش کے لئے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔