لاہور: (یواین پی) پاکستان کی معروف اور خوبرو اداکارہ ہانیہ عامر نے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی منگنی کی خبروں کی تردید کر دی۔تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ روز اداکارہ ہانیہ عامر کی منگنی کا ہیش ٹیگ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹرینڈ کررہا تھا جس کے بعد مداحوں کی جانب سے منگنی کی مبارکباد دینے کا سلسلہ شروع ہوگیا۔اداکارہ ہانیہ عامرکا شماران اداکاراؤں میں ہوتا ہے جو سوشل میڈیا پر کافی سرگرم ہیں کبھی تو وہ اپنے ڈراموں کی وجہ سے میڈیا پر چھائی رہتی ہیں اورکبھی ٹک ٹاک کی ویڈیوز کی وجہ سے۔کچھ عرصہ قبل گلوکارعاصم اظہر کے ساتھ گہری دوستی کی افواہوں کی وجہ سے ہانیہ عامر ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بن گئی تھیں اورگزشتہ روز بھی ’’منگنی مبارک ہانیہ‘‘ کا ہیش ٹیگ ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈنگ میں رہا تھا جہاں لوگ ہانیہ عامر کو منگنی کی مبارکباد دے رہے تھے۔اپنی منگنی کی خبریں سوشل میڈیا پروائرل ہونے کے بعد ہانیہ عامر نے گزشتہ روز ایک ویڈیو کے ذریعے اس حقیقت سے پردہ اٹھایا کہ ان کی منگنی سچ میں ہوئی بھی ہے یا نہیں۔ہانیہ عامر نے ویڈیو میں کہا کہ پچھلے دو روز سے میرے ٹوئٹر اکاؤنٹ پرمسلسل نوٹیفیکیشنز آرہے ہیں لیکن میں نے نوٹیفکیشنز کو چیک نہیں کیا کیونکہ اس بارمیں نے ایسا کچھ نہیں کیا تھا کہ لوگ میرے بارے میں بات کریں لیکن اگلی صبح میں نے ٹوئٹر دیکھنے کا فیصلہ کیا جہاں ’ہیش ٹیگ منگنی مبارک ہانیہ‘ ٹوئٹر پرٹرینڈ کررہا تھا جسے دیکھ کر میں حیران رہ گئی ۔ہانیہ عامر نے اپنی منگنی کی تردید کرتے ہوئے طنزیہ اندازمیں کہا کہ وہ ان تمام لوگوں کا شکریہ ادا کرنا چاہتی ہیں جنہوں نے انہیں منگنی کی مبارکباد دی۔واضح رہے کہ گزشتہ کچھ روزقبل ہانیہ عامرہونٹوں کی سرجری کروانے کی وجہ سے بھی لوگوں کی تنقید کی زد میں رہی تھیں۔