پشاور(یواین پی) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے باچا خان میڈیکل کالج مردان کی زیر تعمیر عمارت اور ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال مردان کی سٹینڈ رڈائزیشن کے منصوبوں کو رواں مالی سال کے اندر مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ حکومت اس مقصد کیلئے درکار وسائل فراہم کریگی۔ انہوں نے صحت کے حوالے سے صوبے میں جاری دیگر بڑے منصوبوں کی بھی رواں مالی سال کے اندر تکمیل یقینی بنانے کیلئے ٹھوس اقدامات کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ اصل مقصد عوام کو سہولیات کی فراہمی ہے، جس کے لئے زیر تعمیر عمارتوں کو مکمل کرکے فعال بنانے کی ضرورت ہے۔و ہ وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں ایک اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے مواصلات و تعمیرات ریاض خان، مردان سے اراکین صوبائی اسمبلی افتخار مشوانی، ملک شوکت علی، عبدالسلام، امیر فرزند، محکمہ صحت اور مواصلات کے انتظامی سیکرٹریز اور دیگرمتعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔وزیراعلیٰ کو ضلع مردان میں صحت کے جاری منصوبوں پر پیش رفت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اجلاس میں بتایا گیا کہ باچا خان میڈیکل کالج مردان پہلے سے فعال ہے تاہم کالج کے لئے مستقل عمارت پر کام جاری ہے جو تقریباً تکمیل کے آخری مرحلے میں ہے۔ وزیراعلیٰ نے رواں مالی سال کے اندر مذکورہ عمارت مکمل کرنے کے لئے متعلقہ حکام کو درکار وسائل فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ زیر تعمیر چلڈرن ہسپتال مردان کے منصوبے پر عملی کام کی پیش رفت 63 فیصد ہے یہ ہسپتال 200 بیڈز پر مشتمل ہے۔