اوکاڑہ (یو این پی)ڈپٹی کمشنر عثمان علی نے کہا ہے کہ حضرت امام حسین علیہ السلام کے چہلم کے جلوسوں اور مجالس کی سکیورٹی سمیت دیگر انتظامات بہتر سے بہترین کیے جائیں گے ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنےو الے ادارے جلوسوں کے راستوں اور مجالس کی محرم الحرام کے طرز پر ذمہ داریاں ادا کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ علماء مشائخ ،انجمن تاجران اور سرکاری اداروں نے جس ذمہ داری سے ،فرض شناسی اور خلوص نیت سے امن و امان کی صورتحال کو بر قرار رکھنے کے لئے جو کردار ادا کیا ہے وہ لائق تحسین ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تمام مکاتب فکر کے مخلصانہ طرز عمل سے پر امن ماحول برقرار رہا اور انشاء اللّه جس خلوص نیت سے ہم اب اپنا اپنا کام کر رہے ہیں ضلع کے مثالی امن و امان کی صورتحال ہم سب کے لئے باعث اطمینان رہے گی ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلعی امن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔ ڈپٹی کمشنر عثمان علی نے علمامشائخ اور ممبران امن کمیٹی و انجمن تاجران کی ضلع میں امن و امان کی صورتحال کو بر قرار رکھنے اور مذہبی ہم آہنگی کو پروان چڑھانے میں کردار کو سراہا ۔ انہون نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ خلوص نیت سے حضرت امام حسین کے چہلم کے جلوسوں اورمجالس کے انتظامات کے لئے اقدامات کر رہی ہے انہوں نے کہا کہ قابل تحسین روایات کی ہر صورت میں پیروی کی جائے اور عوام کی بہتری کے لئے تمام اقداما ت کئے جائیں گے ۔ صدر انجمن تاجران چوہدری سلیم صادق نے یقین دلایا کہ چہلم حضرت امام حسین کے جلوس کے موقع پر بازار بند رکھے جائیں گے ۔ ڈپٹی کمشنر عثمان علی نے سرکاری اداروں کو اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے سر انجام دینے کی ہدایت کی اور کہا کہ جلوس کے روٹس پر صفائی ستھرائی ،عارضی تجاوزات کے خاتمہ ،پانی کے چھڑکاءو ،واپڈا اور ٹیلی فون کی لٹکتی تاروں کو درست کرنے کا کام فوری طور پر مکمل کیا جائے ۔