راولپنڈی (یواین پی) چھکوں پر چھکے پاکستان کو نیا شاہد آفریدی مل گیا، خوشدل شاہ نے پاکستان کی تاریخ کی تیز ترین سینچری بنا ڈالی، جنوبی پنجاب کی نمائندگی کرنے والے آل راونڈر نے نیشنل ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے میچ میں سندھ کے خلاف صرف 35 گیندوں پر سینچری داغ دی۔تفصیلات کے مطابق نیشنل ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ کے دوسرے مرحلے کے سلسلے میں راولپنڈی میں کھیلے جا رہے میچ کے دوران جنوبی پنجاب کے خوشدل شاہ نے پاکستان کی تاریخ کی تیز ترین سینچری بنا ڈالی۔خوشدل شاہ نے سندھ کے خلاف میں 9 چھکوں کی مدد سے صرف 35 گیندوں پر سینچری داغی۔ سندھ کی جانب سے دیے گئے 217 رنز کے ہدف کے تعاقب میں جنوبی پنجاب کے خوشدل شاہ نے دھواں دار بلے بازی کا مظاہرہ کیا۔ ان کی اننگ میں 8 چوکے بھی شامل رہے۔ یہ کسی بھی پاکستانی بلے باز کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں تیز ترین سینچری کا ریکارڈ ہے۔