پشاور(یواین پی) خیبرپختون خوا اسمبلی کی رکن نگہت اورکزئی کی خودکشی کی کوشش، پولیس نے بچا لیا۔ تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی کی خاتون رکن خیبر پختون خوا اسمبلی نگہت اورکزئی نے خود سوزی کی کوشش کی جسے پولیس نے ناکام بنا دیا۔ خاتون ایم پی اے نگہت اورکزئی نے آئی جی خیبر پختون خوا کے دفتر کے باہر پیٹرول چھڑک کر اپنے آپ کو جلانے کی کوشش کی جس پر پولیس اسٹاف نے انہیں روک دیا۔پولیس ذرائع کے مطابق آئی جی آفس کے باہر ایم پی اے نے خود پر پٹرول چھڑکا لیکن پولیس اہلکار انہیں خود سوزی کی کوشش سے باز رکھنے میں کامیاب رہے ہیں۔ میڈیا ذرائع کے مطابق پولیس کی جانب سے خود سوزی سے روکے جانے کے بعد پیپلز پارٹی کی خاتون رکن صوبائی اسمبلی نہگت اورکزئی نے کہا کہ مسئلہ میری زمینوں کا ہے، گورنر خیبر پختون خوا شاہ فرمان اور ان کے لوگ میری زمین پر قابض ہیں اور ہدایات دے رہے ہیں۔خاتون ایم پی اے نے گورنر خیبرپختون خوا شاہ فرمان پر الزام لگاتے ہوئے کہا کہ ان کے لوگ میری زمینوں پر قابض ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ شاہ فرمان صوبے میں منشیات فروشوں کی پشت پناہی کرتے ہیں۔ ان کے قبضہ مافیا گروپ نے میری زمینوں پر قبضہ کیا ہوا ہے، اور پولیس بھی گورنر کے حکم پر میری بات نہیں سن رہی، جس وجہ سے یہ انتہائی قدم اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔گورنر خیبرپختون خوا پر الزام لگاتے ہوئے خاتون ایم پی اے کا کہنا تھا کہ گورنر شاہ فرمان ان کی زمینوں پر قابض ہیں اور ان کے لوگوں نے زمینوں پر کنٹرول کیا ہوا ہے، وہ منشیات فروش گروہوں کی پشت پناہی کررہے ہیں۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے خاتون ایم پی اے کا کہنا تھا کہ مجھے کچھ بھی ہوا تو گورنر شاہ فرمان اور آئی جی اس کے ذمہ دار ہوں گے۔