ورلڈ ٹی 20 ، پاکستان کو بھارت کے ہاتھوں 7 وکٹوں سے شکست

Published on March 22, 2014 by    ·(TOTAL VIEWS 899)      No Comments

\"01\"

دھونی الیون نے 131 رنز کا ہدف بآسانی 19 ویں اوور میں حاصل کر لیا، ویرات کوہلی 36 اور سریش رائنا 35 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے، امیت مشرا کو دو وکٹیں حاصل کرنے پر مرد میدان قرار دیا گیا

ڈھاکہ ۔۔۔ آئی سی سی ورلڈ ٹی 20 ، سپر ٹین سٹیج کے پہلے میچ میں پاکستان کو بھارت نے 7 وکٹوں سے شکست دے دی، دھونی الیون نے شاہینوں کی جانب سے دیا گیا 131 رنز کا ہدف 18.3 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ ویرات کوہلی 36 اور سریش رائنا 35 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔ شیکھر دھون نے 30 اور روہیت شرما نے 24 رنز کی اننگز کھیلی۔ امیت مشرا نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، انہیں مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ جمعہ کو یہاں شیر بنگلہ نیشنل سٹیڈیم، میرپور میں کھیلے گئے سپر ٹین کے پہلے میچ میں بھارت کے کپتان مہندرا سنگھ دھونی نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، بھارتی پیسر محمد شامی نے ٹی 20 ڈیبیو کیا۔ پاکستان کی اننگز کا آغاز اچھا نہ تھا اور اس کی پہلی وکٹ 9 کے مجموعی سکور پر گرگئی جب کامران اکمل ایک غیر ضروری رن لینے کی کوشش میں رن آؤٹ ہوگئے، انہوں نے 8 رنز بنائے، اس کے بعد احمد شہزاد اور کپتان محمد حفیظ نے محتاط انداز اپنایا اور 35 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کا سکور 44 تک پہنچا دیا، محمد حفیظ دوسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 15 رنز بنانے کے بعد روندرا جدیجا کی گیند پر بھونیشور کمار کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے، پاکستان کو تیسرا جھٹکا 47 کے مجموعی سکور پر لگا جب احمد شہزاد 22 رنز بنانے کے بعد امیت مشرا کی گیند پر دھونی کے ہاتھوں سٹمپ ہوگئے۔ اس موقع پر عمر اکمل اور شعیب ملک نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کی اور 50 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کا سکور 97 تک پہنچا دیا۔ شعیب ملک چوتھے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 18 رنز بناکر امیت مشرا کی گیند پر سریش رائنا کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ 103 کے مجموعی سکور پر محمد شامی نے سیٹ بیٹسمین عمر اکمل کو سریش رائنا کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرا کے اپنی ٹیم کو انتہائی اہم کامیابی دلا دی اس طرح انہوں نے کیریئر کی پہلی وکٹ حاصل کی، عمر اکمل نے 33 رنز بنائے۔ شاہد آفریدی بھی شائقین کی توقعات پر پورا نہ اتر سکے اور 8 رنز بنانے کے بعد بھونیشور کمار کی گیند پر رائنا کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ اس مشکل گھڑی میں صہیب مقصود نے اچھی بیٹنگ کی اور 11 گیندوں پر 21 رنز بناکر ٹیم کی پوزیشن کو قدرے بہتری کیا۔ اس طرح پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 130 رنز بنائے۔ بھارت کی جانب سے امیت مشرا نے دو جبکہ بھونیشور کمار، روندرا جدیجا اور محمد شامی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ جواب میں بھارت نے ہدف 18.3 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ بھارت کا آغاز پراعتماد تھا، دونوں اوپنرز نے 54 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا۔ شیکھر دھون بھارت کے پہلے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 30 رنز بناکر عمر گل کا نشانہ بنے، بھارت کو دوسرا جھٹکا 64 کے مجموعی سکور پر لگا جب روہیت شرما 24 رنز بناکر سعید اجمل کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔ اگلے اوور میں بلاول بھٹی نے یوراج سنگھ کو اپنی پہلی ہی گیند پر کلین بولڈ کرکے پاکستان کو اہم کامیابی دلا دی۔ اس کے بعد ویرات کوہلی اور سریش رائنا نے مزید کوئی نقصان نہ ہونے دیا اور 66 رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم کرکے بھارت کو میگا ایونٹ میں پہلی کامیابی دلا دی۔ دونوں نے بالترتیب 36 اور 35 رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے سعید اجمل، عمر گل اور بلاول بھٹی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Theme

Weboy