نیویارک: (یواین پی) ورلڈ فوڈ پروگرام کے ڈائریکٹر ڈیوڈ بیزلے نے انتہائی تلخ اور دل دہلا دینے والا انکشاف کرتے ہوئے بتایا ہے کہ اس سال اب تک 70 لاکھ افراد بھوک سے مر چکے ہیں اور کورونا وائرس کی وجہ سے یہ تعداد دگنی ہو سکتی ہے۔اقوام متحدہ کے ورلڈ فوڈ پروگرام کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی عالمی وبا کی وجہ سے اُسے آئندہ چھ ماہ میں خشک سالی اور قحط سے بچنے کے لئے 6.8 ارب ڈالر کی ضرورت ہوگی۔گزشتہ ہفتے پروگرام کو امن کے نوبل انعام سے نوازا گیا ہے۔ یہ انعام اُسے تنازعات اور جنگ کو ہتھیار کے طور پر استعمال ہونے سے روکنے پر دیا گیا ہے۔پروگرام کا کہنا ہے کہ اسے اپنی امدادی سرگرمیوں کھے لیے اب تک 1.6ارب ڈالر موصول ہوئے ہیں۔ ورلڈ فوڈ پروگرام کے ڈائریکٹر ڈیوڈ بیزلے نے یو این فوڈ اینڈ ایگریکلچر آرگنائزیشن کے زیر اہتمام ایک کانفرنس میں کہا کہ قحط اور خشک سالی سے بچنے کیلئے اُسے کہیں زیادہ رقم درکار ہے۔بیزلے کا کہنا تھا کہ اس سال اب تک 70 لاکھ افراد بھوک سے مر چکے ہیں، اور کورونا وائرس کی وجہ سے یہ تعداد دگنی ہو سکتی ہے۔ روم میں قائم ورلڈ فوڈ پروگرام کا کہنا ہے کہ وہ تقریباً 88 ملکوں میں 9 کروڑ 70 لاکھ افراد کی مدد کر رہا ہے اور دنیا میں ہر 9 میں سے 1 فرد کو خوراک کی قلت کا سامنا ہے۔دنیا میں بھوک کی شرح میں کئی عشروں تک کمی دیکھنے میں آئی، تاہم 2016ء سے تنازعات اور ماحولیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے بھوک میں اضافہ ہو رہا ہے۔