موجودہ صورتحال کے اصل قصورواروں کو سامنے لانے میں نہیں ڈریں گے،نوازشریف

Published on October 17, 2020 by    ·(TOTAL VIEWS 162)      No Comments

گوجرانوالہ (یواین پی) سابق وزیر اعظم ، مسلم لیگ (ن)کے قائد میاں محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ موجودہ صورتحال کے اصل قصورواروں کو سامنے لانے میں نہیں ڈریں گے،حکومت نے غریب عوام کو جیتے جی مار دیا ہے ، یہ بے شرمی کے ساتھ میڈیا پرادھر ادھر کی کہانیاں سنا کر چلے جاتے ہیں، کس نے سلیکٹڈحکومت بنوانے کیلئے ہارس ٹریڈنگ کا بازار دوبارہ گرم کیا اور کس نے عوام کے انتخاب کورد کر کے اپنی مرضی کی حکومت بنائی ، ناا ہل اور نالائق عمران نیازی کو کس نے وزیر اعظم بنایا ہمیں یہ غدار قرار دیتے ہیں ، یہ کوئی نئی بات نہیں ،پریشان نہ ہونا ، پاکستان کے بننے سے لیکر آج تک ڈکٹیٹروں نے سیاست دانوں کو انہی تمغوں سے نوازا ہے،اپنے 35سالہ سیاسی کیریئر میں اس سے زیادہ کرپٹ حکومت نہیں دیکھی ،کیوں پاکستان میں قانون کی حکمرانی نہ آسکی ، کیوں عوام انصاف سے محروم ہیں ، کیوں آئین کوتوڑنے والے دندناتے پھرتے ہیں ،ان سے کوئی پوچھنے کی جرات کیوں نہیں کرسکتا ،یہ دوہرا معیار نہیں چلے گا اور نہ ہم چلنے دینگے،نوازشریف آ پ کے ووٹ کو عزت دلا کر رہے گا، پی ڈی ایم ووٹ کو عزت دلا کر رہے گی۔ویڈیو لنک کے ذریعے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے نوازشریف نے شرکاء کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ آپ کے ساتھ میرا گہرا رشتہ ہے ، کچھ لوگوں کی خواہش ہے کہ آپ کی آواز مجھ تک نہ پہنچے اور میری آواز آپ تک نہ پہنچے وہ اپنے مذموم مقاصد میں ناکام رہیں گے ۔ انہوںنے کہاکہ آج گوجرانوالہ نے کمال کر دیا ہے ،گوجرانوالہ نے ہمیشہ نوازشریف کے ساتھ والہانہ محبت کی ہے ،آج تو آپ بے مثال محبت کا ثبوت دے رہے ہیں ، تین سال کے بعد آپ سے مخاطب ہورہا ہوں ، ان تین سالوں میں بہت کچھ بدل گیا ہے ، جن چہروں کو ہنستا مسکراتا چھوڑ کر گیا تھا وہ چہرے اداس نظر آرہے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ آپ کے چہروں پر پھیلی ہوئی پریشانی دیکھ کر بہت دکھی ہورہاہوں ، دل چاہتا ہے کہ نوازشریف آپ کے درمیا ن آکر بیٹھے ، آپ سے کہے مجھے اپنے دل کا حال سنائیں ،کچھ میری سنو اور کچھ اپنی سنائیں ۔انہوںنے کہاکہ آپ سے پوچھوں وہ چمکتے دمکتے چہروں کی رونقیں کہاں چلی گئیں ،آپ کس حال میں ہیں آپ پر کیا بیت رہی ہے ،وقت کیسے گزر رہا ہے ، آپ بال بچوں کی سنائیں وہ کس حال میں ہیں،روز گار ہے یا نہیں ہے، چولہا جلتا ہے یا بجھ گیا ہے ، دو وقت کی روٹی ملتی ہے یا نہیں ملتی ، گھر میں آٹا ، چینی دال ہے یانہیں ہے ،بجلی اور گیس کا بل دیتے وقت آپ پر کیا گزرتی ہے سنا ہے بجلی کابل دیتے وقت آپ کے آنسو نکل آتے ہیں۔انہوںنے کہاکہ ابھی چند دن پہلے لوگوں کے جذبات سن رہا تھا ، عوام کے آنسو نکل رہے تھے ، اب تو سنا ہے دوائیاں بھی آپ کی پہنچ سے دور ہو گئی ہیں ، دوائیاں ڈھائی سو فیصد مہنگی ہو گئی ہیں ۔سابق وزیر اعظم نے کہاکہ آج غریب اور بیمارآدمی کیسے علاج کرواتا ہے اور گردے کے غریب مریض ڈائلائسسز بھی نہیں کرواسکتے ہیں وہ ہمارے زمانے میں مفت تھا ۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Theme

Free WordPress Theme