گوجرانوالہ(یواین پی) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہم کرپشن کے خاتمے کے مساوی قانون چاہتے ہیں، مساوی قانون بنا کر سابق صدر اور سابق وزیر اعظم سے حساب لو، لیکن اگرکسی جنرل، جج پر کرپشن کا الزام ثابت ہوتاہے تو ان کو بھی جیل میں ڈالنا پڑے گا، تبھی ہم ملک میں کرپشن کے ناسور کو ختم کرسکیں گے،کیاتبدیلی یہ ہے کہ آٹا، چینی ، بجلی، ادویات، بجلی گیس بحران ہی بحران ہے،بتایا جائے وسیم اکرم پلس کوکسی جادوگرنی، یا خلائی مخلوق نے لگایا۔انہوں نے گوجرانوالہ میں پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تبدیلی یہ ہے کہ آج پاکستان میں تاریخی مہنگائی اور تاریخی بے روزگاری او رغربت ہے، انڈے 200، ٹماٹر200، پیاز 80روپے کلو ملتے ہیں، مہنگائی کے ساتھ بے روزگاری بھی بھی بڑھ رہی ہے۔نوجوانوں کو روزگار نہیں مل رہا، سفید پوش کا جینا حرام ہوچکا ہے، تاجروں کی دکانیں بند، فیکٹریاں بند، یہ ہے عمران خان اور سلیکٹرز کی تبدیلی ہے۔آٹا، چینی ، بجلی، ادویات، گیس کی بحران ہی بحران ہے۔ یہ کہتے ہیں یہ ماضی کے حکمرانوں کے قصور ہیں ، میں پوچھتا ہوں کہ کیا وہ بھگوڑے قاتل ڈکٹیٹر مشرف نے بحران نہیں چھوڑا تھا، ہر ورز دہشتگردی حملے ہوتے تھے، تب بھی گندم امپورٹ ہوتی تھی، آٹے کا بحران ہے ، ہم نے گندم کی سپورٹ پرائس کو 1200فی من تک پہنچا دیا تھا تب بھی معاشی بدحالی اور مہنگائی تھی، اسحاق ڈار کا بیان تھا خزانے خالی ہیں۔