ڈھاکا: (یواین پی) فرانس میں شائع ہونے والے گستاخانہ خاکوں کے بعد بنگلا دیش میں احتجاج کا سلسلہ جاری ہے، مظاہرین کی حکومت سے الٹی میٹم دیا گیا ہے کہ ملک میں موجود فرانسیسی سفارتخانہ بند کر دیا جائے۔
بنگلا دیشی میڈیا کے مطابق ملکی بڑی مذہبی جماعت ’حفاظت اسلام‘ نے گستاخانہ خاکوں کے خلاف احتجاج میں حکومت کو 24 گھنٹوں میں فرانس سے سفارتی تعلقات منقطع کرنے کا الٹی میٹم دے دیا۔ گستاخانہ خاکوں کے خلاف مرکزی جامع مسجد بیت المکرم سے مارچ کا آغاز کیا گیا جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔مظاہرین مارچ کرتے ہوئے بنگلادیش میں فرانسیسی سفارتخانے کے سامنے پہنچے جہاں شدید احتجاج کیا گیا۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر فرانس سے تعلقات ختم کرنے سمیت دیگر مطالبات درج تھے جبکہ میکرون کے پتلے بھی نذر آتش کیے اور شدید نعرے بازی کی۔