تعلیمی اداروں کی دوبارہ بندش کی تجویز مسترد

Published on November 20, 2020 by    ·(TOTAL VIEWS 245)      No Comments

لاہور (یواین پی) ملک میں تعلیمی اداروں کی دوبارہ بندش کی تجویز مسترد کردی گئی۔ تفصیلات کے مطابق سرونگ اسکولز کمیٹی کے نمائندے میاں رضاکی طرف سے کہا گیا ہے کہ تعلیمی اداروں کو ایک بار پھر سے بند کیا جانا کسی بھی صورت میں قابل قبول نہیں ہے ، کورونا سے متاثر ہونے والے کئی ترقی یافتہ ممالک میں بھی تعلیمی ادارے کھلے ہیں، بین الصوبائی وزراء کمیٹی اور این سی او سی اس سلسلے میں اسکولوں کو بند کیے جانے کی تجاویز کااز سرنو جائزہ لیں۔یہاں قابل ذکر بات یہ ہے کہ وفاقی وزرات تعلیم نے تعلیمی اداروں کی بندش کے حوالے سے مراسلہ تیار کرلیا ، صوبائی حکومتوں کو بھجوائے گئے مراسلے میں تعلیمی اداروں کی بندش کے حوالے سے مختلف تجاویز پیش کی گئی ہیں ، پہلی تجویز یہ دی گئی ہے کہ تعلیمی ادارے 24 نومبر سے 31 دسمبر تک بند رکھے جائیں، دوسری تجویز یہ دی گئی ہے کہ تعلیمی اداروں کو اگر 24 نومبر سے بند نہیں کیا جا رہا تو پرائمری سکولوں کو 24 نومبر سے بند کردیا جائے ، 2 دسمبر سے مڈل سکولوں کو بند کردیا جائے اور 15 دسمبر سے ہائیر سیکنڈری سکولوں کو بند کردیا جائے ۔تجاویز میں کہا گیا ہے کہ تعلیمی اداروں کے اساتذہ کو آن لائن تعلیم کی تربیت دی جائے اور ڈسٹنس لرننگ پر عمل کروایا جائے، اس سلسلے میں اساتذہ کو بلا کر ٹریننگ دینے کی تجاویز دی گئی ہیں، جبکہ تعلیمی سیشن کو 31 مئی تک ختم کرنے کی تجویز بھی دی گئی ہے ، میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے امتحانات جون 2021 میں لینے کی بھی تجویز زیر غور ہے ، کورونا کی بگڑتی صورتحال کے پیش نظر آن لائن ایجوکیشن پر زور دیا جا رہا ہے ، بتایا گیا ہے کہ بین الصوبائی وزرائے تعلیم کی کانفرنس 23 نومبر کو شیڈول ہے جس میں تعلیمی اداروں کے حوالے سے صوبے اپنی تجاویز پیش کریں گے۔

Readers Comments (0)




WordPress Blog

Free WordPress Themes