پشاور(یواین پی) پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے صدر اور سربراہ جے یوآئی ف مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی مکمل ناکام ہوچکی، چین کی 70ارب ڈالر کی سرمایہ کاری تہس نہس کردی گئی، امریکا، ایران، افغانستان بھی مایوس ہوچکے، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات اپنی رقم واپس مانگ رہے ہیں۔انہوں نے پی ڈی ایم کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجھے افسوس کے ساتھ بات کہنی پڑ رہی ہے کہ محترمہ مریم نواز صاحبہ اپنی دادی کے انتقال کی وجہ سے گفتگو نہیں کرسکیں، میں میاں نوازشریف،شہبازشریف اور ان کے پورے خاندان سے اظہار تعزیت کرتا ہوں۔اس موقعے پر جسٹس سیٹھ وقار ، علامہ خادم رضوی کی وفات پر بھی اظہار تعزیت کرتا ہوں،اللہ رب العزت ان کی روح کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام نصیب فرمائے۔انہوں نے کہا کہ ہم ایسے حالات میں پشاور میں جلسہ کررہے ہیں، جب اس سے پہلے ہم کراچی، کوئٹہ اور گوجرانوالہ میں جلسہ کیا، آج اہل پشاور نے ریفرنڈم ہی کردیا، اور دھاندلی سے آنے والی حکومت کو مسترد کردیا ہے۔ ہم نے پہلے ہی دن اعلان کیا تھا کہ الیکشن میں بدترین دھاندلی کی گئی ہے۔ تمام سیاسی جماعتوں نے اعلان جنگ کردیا ہے، آپ کے جلسوں سے حکمران بوکھلا گئے ہیں۔ہم پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ الیکشن میں بدترین دھاندلی ہوئی ہے۔مولانا فضل الرحما ن نے کہا کہ ہم فوج اور ادارے کا احترام کرتے ہیں، وہ ہمارا دفاعی ادارہ ہے، اگر دفاعی ادارہ ہے ہمارے سر آنکھوں پر ہے، لیکن اگر وہ سیاسی ادارہ بننے کی کوشش کرے گا تو پھر تنقید برداشت کرنی ہوگی، پھر مت کہا کرو، ہمارا نام نہ لیا جائے پھر تمہارا نام بھی لیا جائے گا اور تنقیدبھی کی جائے گی۔