پشاور(یوا ین پی) کورونا وائرس کی دوسری لہر کے خدشات کے پیش نظر پشاور کے مختلف علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا۔ضلعی انتظامیہ نے کورونا وائرس پھیلاؤ خدشات کے پیش نظر پشاور کے مختلف علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کرنے کا نوٹی فکیشن جاری کردیا جس کے مطابق حیات آباد فیز 3، اسامہ میاں اسٹریٹ پشاور یونیورسٹی، پروفیسر کالونی ایگری کلچر یونیورسٹی، نیو شامی روڈ فیز 2 اسٹریٹ 9 حیات آباد، شالیمار کالونی ورسک روڈ، ایگزیکٹیو لوجز ورسک روڈ، حیات آباد فیز 5 اسٹریٹ 9، نیو شامی روڈ اسٹریٹ 12 اور ناصر باغ عسکری 6 اسٹریٹ ایک میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا ہے جو مزید احکاما ت تک جاری رہے گا جس کے تحت اسمارٹ لاک ڈاﺅن کے دوران ان علاقوں سے آمد و رفت بند رہے گی۔انتظامیہ کے مطابق اسمارٹ لاک ڈاﺅن کا فیصلہ ان علاقوں میں محکمہ صحت کے ماہرین کی ہدایات پر کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے نتیجے میں کیا گیا، اسمارٹ لاک ڈاﺅن لگانے کا مقصد کورونا کے پھیلاؤ کو روکنا ہے اور ان علاقوں میں کورونا وائرس کے کیسز رپورٹ ہونے کی وجہ سے مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن لگایا گیا ہے۔انتظامیہ کا کہنا ہےکہ ان علاقوں میں صرف ضروری اشیا خورد و نوش، میڈیسن، جنرل اسٹور، تندوراور ایمرجنسی سروس کی دکانیں کھلی رہیں گی، ان علاقوں کی مساجد میں صرف 5 افراد کو باجماعت نماز پڑھنے کی اجازت ہو گی اورعلاقہ مجسٹریٹ اور پولیس کو اسمارٹ لاک ڈاؤن پر عمل درآمد کے حوالے سے ہدایات جاری کر دی گئی ہیں جب کہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔