اسلام آباد: (یواین پی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کرسی چھوڑنی پڑی چھوڑ دوں گا لیکن کرپشن معاف نہیں کروں گا اور نہ ہی این آر او دوں گا۔ قانون توڑنے والوں کیخلاف مقدمہ درج ہوں گے۔، آخری خواہش ہے طاقتور اور کمزور کو برابری کی سطح پر لاؤں۔نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اپوزیشن والے جو مرضی کر لیں، این آر او نہیں ملے گا، لاہور میں ہونے والے جلسے کے باعث آرگنائزر اور کرسیاں دینے والوں کے خلاف قانونی کارروائی ہو گی۔ جلسے میں کوئی رکاوٹ نہیں ڈالیں گے۔ سب کو پتہ ہے کہ لاہور میں تیزی سے کورونا کیسز بڑھ رہے ہیں، ہلاکتیں بڑھ رہی ہیں، انہیں کوئی احساس نہیں ہے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ قانون توڑنے والوں کیخلاف ایف آئی آر کاٹی جائے گی۔ اپوزیشن کے جلسوں سے پریشر میں نہیں آؤں گا، پی ڈی ایم کو لاہور میں جلسے کی اجازت نہیں ملے گی، پی ڈی ایم کے جلسوں میں کوئی رکاوٹ نہیں ڈالیں گے، ہم نے اپنے جلسے کینسل کر دیئے ہیں۔ پارٹی میں کسی کو اجازت نہیں دی کہ جلسے کریں۔