لاہور: (یواین پی) پاکستان فلم اور ڈرامہ انڈسٹری کی مشہور اداکارہ نیلم منیر بھی کورونا وائرس کا شکار ہو گئیں جس کے بعد انہوں نے خود کو قرنطینہ کر لیا ہے۔یاد رہے کہ نیلم منیر سے قبل رواں ماہ 2 دسمبر کو بہروز سبزواری بھی کورونا کا شکار ہوئے تھے اور انہیں طبیعت بگڑنے پر ہسپتال منتقل کردیا گیا تھا، تاہم اب ان کی صحت بہتر ہے۔بہروز سبزواری سے قبل پاکستان میں شوبز سے وابستہ کئی شخصیات بھی کورونا وائرس کا شکار ہوچکی ہیں، جن میں سے زیادہ تر شخصیات کم از کم 2 ہفتے جبکہ کچھ ڈیڑھ ماہ بعد صحتیاب ہوئی تھیں۔کورونا کے باعث پاکستان میں 2 اداکاروں کی موت بھی ہوچکی ہے، جن میں 9 ستمبر کو فلم اور ڈراموں کے سینئر اداکار مرزا شاہی اور 21 مئی کو سندھی و اردو اسٹیج ڈراموں و ٹی وی کے اداکار صغیر الہٰی کھچی چل بسے تھے۔ملک میں کورونا کی جاری دوسری لہر کے دوران جہاں اب ماضی کے مقابلے تیزی سے عام لوگ بھی اس مرض کا شکار بن رہے ہیں، وہیں شوبز شخصیات میں بھی اس وائرس کی تشخیص ہو رہی ہے۔رواں ماہ دسمبر کے آغاز میں سینیئر اداکار بہروز سبزواری میں کورونا کی تشخیص کے بعد انہیں علاج کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا تھا۔ اور اب خبریں سامنے آئی ہیں کہ اداکارہ نیلم منیر بھی کورونا کا شکار ہوگئیں اور انہوں نے خود کو قرنطینہ کرلیا۔اداکارہ نیلم منیر کے کورونا میں مبتلا ہونے کی خبریں گزشتہ دو دن سے سوشل میڈیا پر جاری تھیں، تاہم اب انہوں نے خود بھی اس کی تصدیق کردی۔نیلم منیر نے انسٹاگرام پوسٹ میں تصدیق کی کہ ان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے اور انہوں نے خود کو قرنطینہ کرلیا۔ خود میں کورونا کی تشخیص میرے اور اہل خانہ مشکل وقت ہے،تمام اہل خانہ ٹھیک ہیں، ان میں کورونا کی تشخیص نہیں ہوئی۔