پشاور(یواین پی) نیب کسی اور کو دھمکیاں دے، نوٹس یا سوالنامے کو ردی کی ٹوکری میں ڈال دیں گے، جمعیت علماء اسلام (ف) کے ترجمان اسلم غوری نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کو کوئی نیب نوٹس یا سوالنامہ نہیں ملا، نیب احتساب احتساب کے نام پر پگڑیاں اچھالنے والا نااہل ادارہ ہے۔ ترجمان جےیوآئی نے نیب کی جانب سے مولانا فضل الرحمان کو سوالنامہ بھیجے جانے کی خبر پر اپنے ردعمل میں کہا کہ نیب کی جانب سے مولانا فضل الرحمان کو کوئی نوٹس یا سوالنامہ نہیں ملا، کوئی نوٹس یا سوالنامہ آیا تو ردی کی ٹوکری میں جائے گا۔نیب احتساب کے لئے نہیں بلکہ احتساب کے نام پر سیاسی مخالفین سے انتقامی کاروائیوں اور پگڑیاں اچھالنے والا نااہل ادارہ ہے۔ نیب کسی اور کو دھمکیاں دے۔واضح رہے نجی ٹی وی کے مطابق نیب خیبر پختونخوا نے جمعیت علماء اسلام ف کے سربراہ اور پی ڈی ایم صدر مولانا فضل الرحمان کیخلاف کرپشن کے الزامات میں انہیں سوال نامہ بھیج دیا ہے۔ سوالنامہ 26 سوالات پر مشتمل ہے۔ سوالنامے میں جوابات کو 24 دسمبر تک ثبوت کے ساتھ جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے اور جواب جمع نہ کرانے کی صورت میں ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کیے جانے سے خبردار کیا گیا ہے۔ سوال نامے میں کہا گیا کہ فضل الرحمان اپنے والد کے ذرائع آمدن کی تفصیلات دیں، والد کی خریدی گئی اور وراثت میں ملنے والی جائیداد کی تفصیل دیں، اپنے اور اپنے خاندان کو والدین کی جانب سے ملنے والی وراثت کی تفصیل بھی پیش کی جائیں۔