نیب پشاور نے مولانا فضل الرحمان کو گرفتار کرنے کی اجازت مانگ لی

Published on December 23, 2020 by    ·(TOTAL VIEWS 162)      No Comments

اسلام آباد (یواین پی) قومی احتساب بیورو پشاور نے چیئرمین نیب سے مولانا فضل الرحمان کو گرفتار کرنے کی اجازت مانگ لی ، یہ انکشاف تجزیہ کار و صحافی عارف حمید بھٹی نے کیا۔ تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی چینل کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نیب پشاور کی طرف سے چیئرمین قومی احتساب بیورو جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کو ایک خط لکھا گیا ہے جس میں ان سے کہا گیا ہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے خلاف بہت زیادہ شواہد موجود ہیں جن کی بنیاد پر انہیں گرفتار کرنے کی اجازت دی جائے۔تجزیہ کار کے مطابق جمعیت علماء اسلام ف کے امیر کے خلاف نیب پشاور نے جس بھی شخص کو طلب کیا ان سب نے یہ کہا کہ ہم سے جو کچھ بھی کروایا گیا اس کے بینیفشری مولانا فضل الرحمان ہیں ہمیں تو صرف ایک ڈمی کے طور پر استعمال کیا گیا ، ہم اس ضمن میں لکھ کر دیتے کیلئے بھی تیار ہیں۔عارف حمید بھٹی کے مطابق اس پیشرفت کے نتیجے میں نیب پشاور نے جسٹس ر جاوید اقبال سے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کے خلاف جاری انکوائری کو انویسٹی گیشن میں تبدیل کیا جائے کیوں کہ موجود شواہد کی روشنی میں ان کی گرفتاری ضروری ہوجائے گی۔اس سے پہلے قومی احتساب بیورو نے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو کرپشن کے الزامات پر 26 سوالات پر مشتمل سوالنامہ بھیج دیا ، 24 دسمبر تک جوابات جمع کروانے کی ہدایت کردی گئی ، نیب کی طرف سے کہا گیا ہے کہ اگر پی ڈی ایم سربراہ نے ان سوالوں کے جوابات جمع نہ کروائے تو ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہوگی ، نیب نے اپنے سوالنامے میں مولانا فضل الرحمان سے پوچھا ہے کہ والد کی خریدی گئی وراثت میں ملنے والی جائیداد کی تفصیل بتائیں ، آپ اور خاندان کو تحائف کی مد میں ملنے والے اثاثوں کی تفصیل دیں جب کہ اپنے والد کے ذرائع آمدن کے حوالے سے بھی بتائیں ، صرف یہی نہیں بلکہ اپنے جوابات کے ساتھ ثبوت بھی جمع کروانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

Readers Comments (0)




Premium WordPress Themes

Free WordPress Theme