اسلام آباد (یواین پی ) اپنے استعفے غلطی سے اسپیکر کو بھیجنے والے لیگی اراکین اسمبلی مشکل میں، ہم استعفے دے کے واپس نہیں لیتے، مریم نواز نے اسد قیصر سے لیگی اراکین کا استعفیٰ منظور کرنے کا مطالبہ کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی نے سکھر میں مسلم لیگ ن کے ورکرز کنوینشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی نے شرارت سے ہمارے 2 اراکین قومی اسمبلی کے استعفے اسپیکر کے پاس بھیج دیے ہیں۔اب بھلے غلطی سے استعفے اسپیکر کے پاس پہنچ گئے، تو اسپیکر صاحب کو کہتی ہوں کہ یہ استعفے منظور کریں۔ ہم وہ لوگ نہیں ہیں جو استعفے دے کر واپس لے لیں۔ مریم نواز کا مزید کہنا ہے کہ ن لیگ کے 160 اراکین پنجاب اسمبلی نے اپنے استعفے ان کے پاس جمع کروا دیے ہیں۔جبکہ سینئر لیگی قیادت اور اراکین قومی اسمبلی کے استعفے اگلے چند روز میں آ جائیں گے۔دوسری جانب قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی طرف سے تصدیق کی گئی ہے کہ مسلم لیگ ن کے اراکین قومی اسمبلی مرتضی جاوید عباسی اور محمد سجاد اعوان کی طرف سے اپنے استعفے واپس لینے کیلئے رابطہ کیا گیا ہے تاہم اراکین قومی اسمبلی کے استعفوں کی واپسی ان کی زبانی درخواست پر نہیں ہوسکتی اس مقصد کیلئے مذکورہ اراکین کو پہلے اسپیکر کے نام ایک تحریری درخواست دینا پڑے گی بصورت دیگر ان کے استعفے واپس نہیں کیے جاسکتے بلکہ قومی اسمبلی کے قاعدہ 43 کے تحت استعفوں کی منظوری کا عمل مکمل کیا جائے گا اور اسی کے تحت دونوں اراکین کو 7 روز کے اندر اسپیکر کے سامنے پیش ہونے کا حکم دیا گیا ، اس عرصے میں اگر وہ پیش نہ ہوئے تو ان کے استعفے منظور تصور کیے جائیں گے۔