لاہور(یواین پی) پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ حکومت کے اندھے سیاسی انتقام کے دن گنے جا چکے ہیں، خواجہ آصف کی گرفتاری سلیکٹرز اور سلیکٹڈ کے گٹھ جوڑ کا قابل مذمت واقعہ ہے، ان حرکتوں سے یہ اپنے انجام کو مزید قریب لا رہے ہیں۔ انہوں نے ٹویٹر پر مسلم لیگ ن کے پارلیمانی لیڈر خواجہ آصف کی گرفتاری پر اپنے ردعمل میں کہا کہ خواجہ آصف کی گرفتاری سلیکٹرز اور سلیکٹڈ کے گٹھ جوڑ کا انتہائی قابل مذمت واقعہ ہے۔ایسی بھونڈی حرکتوں سے حکومتی بوکھلاہٹ کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔ لیکن ان حرکتوں سے یہ اپنے انجام کو مزید قریب لا رہے ہیں۔ نوازشریف نے کہا کہ اندھے سیاسی انتقام کے دن گنے جا چکے ہیں۔خیال رہے نیب نے خواجہ آصف کو اسلام آباد میں احسن اقبال کے گھر سے گرفتار لیا ہے۔ خواجہ آصف کو آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں گرفتار کیا گیا ہے۔نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ خواجہ آصف کو اسی کیس میں گرفتارکیا گیا ہے جو پی ٹی آئی رہنماء عثمان ڈار نے ان پر کیا تھا۔ عثمان ڈار کے اسی کیس پر خواجہ آصف کو اسمبلی رکنیت سے نااہل قرار دیا گیا تھا۔ سپریم کورٹ نے خواجہ آصف کی اسمبلی رکنیت بحال کی تھی۔ خواجہ آصف دبئی سے حاصل 22 کروڑ روپے کی آمدن کے ذرائع بتانے میں ناکام رہے۔ ن لیگی رہنماؤں نے خواجہ آصف کی گرفتاری پر شدید ردعمل دیا ہے۔مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے خواجہ آصف کی گرفتاری پرمیڈیا سے گفتگو میں اپنے شدید ردعمل میں کہا کہ خواجہ آصف کو گرفتارکیا گیا ہے۔اس طرح راتوں رات کسی کو اغواء کرنا وہ بھی اس کیس میں جس میں کوئی الزام ثابت نہیں ہوتا، شکست کے خوف سے کانپتے اور لرزتے ہوئے فیصلے کیے جارہے ہیں، کیونکہ حکومت جانے کا خوف ان کے چہروں، پریس کانفرنس اور حرکات سے نظر آرہا ہے ۔