لاہور: (یواین پی) سال 2020 میں پاکستان کرکٹ کے کپتانوں کے ستارے گردش میں رہے، سرفراز احمد، اظہر علی پر بھاری گزرا اور کیویز کے خلاف بابر اعظم ان فٹ ہو کر ٹی ٹونٹی سیریز سے باہر ہوگئے۔سال 2020 پاکستان کرکٹ کپتانوں پر بھاری رہا، 2019 میں کپتانی سے ہاتھ دھو بیٹھنے والے سرفراز کو 2020 میں پلیئینگ الیون میں بھی شامل نہ کیا گیا۔ سری لنکا اور بنگلہ دیش کے خلاف موقع نہیں ملا، 21 اگست کو انگلینڈ کے خلاف تیسرے ٹی ٹونٹی میچ میں پلیئنگ اسکواڈ میں شامل تو کیا لیکن ان کی باری آنے سے پہلے ہی پاکستان 5 رنز سے جیت گیا۔نیوزی لینڈ کے خلاف دورے میں سرفراز احمد کو اسکواڈ کا حصہ تو بنایا گیا لیکن پلیئینگ الیون میں ان کا نام نہ آِیا، اظہر علی کے ساتھ بھی کچھ اچھا نہ ہوا، ان کی بھی اس سال ٹیسٹ فارمیٹ کی کپتانی سے چھٹی کر دی گئی۔نیوزی لینڈ کی ٹی ٹونٹی سیریز میں اس وقت کپتان بابر اعظم کو مشکل کا سامنا کرنا پڑا جب وہ پریکٹس سیشن کے دوران ہاتھ کے انگوٹھے کی انجری کا شکار ہو گئے ، ڈاکٹرز نے فریکچر آنے کے باعث انھیں کرکٹ نہ کھیلنے کا مشورہ دیا ،اس طرح وہ کیویز کے خلاف مختصر اوورز کی سیریز میں کپتانی نہ کر سکے۔ٹیم مینجمنٹ کی نظریں نائب کپتان شاداب خان پر تھیں، انہیں بھی ٹانگوں میں کھچاو محسوس ہوا جس کے بعد متبادل کپتان کی باتیں سامنے آنے لگیں لیکن شاداب نے ٹریننگ کے ذریعے انجری پر قابو پایا اور کپتان بن کر آکلینڈ کے میدان میں انٹری دی۔انجری کے باعث بابراعظم کیویز کیخلاف ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ میں بھی کپتانی نہ کر سکے۔ نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز میں کپتانی کرنے والے شاداب خان انجری کے باعث میزبان ٹیم کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے ہی باہر ہو گئے۔