اوکاڑہ(یواین پی) ڈپٹی کمشنر عامر عقیق خان نے کہا ہے کہ اگر ہم اسی محنت ،لگن اور جاںفشانی سے انسداد پولیو مہم کو آگے بڑھاتے رہے تو انشاءاللہ وہ وقت دور نہیں جب ہم پاکستان کو پولیو فری بنانے میں کامیاب ہو جائیں گے پاکستان کا ہر بچہ ہمارے لئے انتہائی اہم ہے اور اس کو پولیو کے مہلک مرض سے بچانے کے لئے ہم نے متحد ہو کر اقدامات کرنا ہیں بچوں کے والدین،محکمہ صحت ،انتظامیہ اور معاشرہ کے صاحب الرائے لوگ مل کر انسداد پولیو اقدامات کو آگے بڑھائیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع میں جاری پولیو مہم کے دوسرے روز 39تھری آر اکبر روڈ ،ربانی ٹریولز دیپالپور چوک،جنرل بس اسٹینڈ ساہیوال سائیڈ،جنرل بس اسٹنیڈ ٹرانزٹ پوائنٹس کا دورہ کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر انہوں نے پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو ویکسیئن سے بچاﺅ کے قطرے اور وٹامن اے کے قطرے بھی پلائے انہوں نے انسداد پولیو ویکسیئن کو رکھنے کے لئے کیرئیر کا بھی جائزہ لیا ۔ڈپٹی کمشنر عامر عقیق خان نے وہاں پر موجود والدین سے محکمہ صحت کے عملہ کے رویہ اور ٹرانزٹ پوائنٹس پر دستیاب سہولیات سے متعلق بھی دریافت کیا ۔ڈپٹی کمشنر عامر عقیق خان نے کہا کہ پولیو کا خاتمہ ہماری قومی ذمہ داری ہے اور اس کے لئے ہر فرد کوانفرادی و اجتماعی طور پر اقدامات کرنا ہیں حکومت نے پولیو کے خاتمہ کے لئے جو اقدامات کر رہی ہے ہمیں اس کو ثمر آور بنانے کے لئے تمام ممکنہ اقدامات کرنا ہیں انہوں نے پولیو مہم میں حصہ لینے والے محکمہ صحت کے افسران،عملہ اور رضا کاروں کو شاباش دی ۔