ممبئی(یو این پی) کون بنے گا کروڑ پتی شو کے دوران امیتابھ بچن کو خاتون کی تعریف کرنا مہنگا پڑگیا۔معروف بھارتی اداکار امیتابھ بچن پچھلی کئی دہائیوں سے مشہور شو ’کون بنے گا کروڑ پتی‘ کی میزبانی کررہے ہیں، شو کے دوران بگ بی مہمانوں سے نہ صرف سوالات پوچھتے ہیں بلکہ سوال سے متعلق خود بھی تبصرہ کرتے ہیں تاہم اس بار سوال میں ایک شخصیت سے متعلق ریمارکس دینا امیتابھ بچن کو مہنگا ہڑگیا۔عالمی مالیاتی ادارے کی چیف ایکانومسٹ گیتا گوپیناتھ کی جانب سے ٹوئٹر پر ’کون بنے گا کروڑ پتی 12 کا ایک کلپ شئیر کیا گیا جس میں بگ بی نے مہمان سے گیتا گوپیناتھ کی تصویر دکھا کر سوال پوچھا اور اس دوران ریمارکس میں کہا کہ ان کا کتنا خوبصورت چہرہ ہے، ایسے چہرے کو کوئی معیشت کے ساتھ جوڑ نہیں سکتا۔گیتا گوپیناتھ نے ٹوئٹ میں لکھا کہ میں امیتابھ بچن کی بہت بڑی مداح ہوں اور ان کے یہ ریمارکس بہت خاص ہیں، گیتا گوپیناتھ کی ٹوئٹ پر بگ بی نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ شو میں کہے گئے اپنے ایک ایک لفظ پر قائم ہوں اور میں نے یہ انتہائی خلوص کے ساتھ کہا تھا۔عالمی مالیاتی ادارے کی چیف ایکانومسٹ گیتا گوپیناتھ نے تو امیتابھ بچھ کے ریمارکس کا برا نہیں مانا تاہم سوشل میڈیا صارفین میں کھلبلی مچ گئی اور انہوں نے بگ بی کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے شدید تنقید کا نشانا بنایا، سوشل میڈیا صارفین نے کہا کہ امیتابھ بچن کو خاتون کے لیے اس طرح کے ریمارکس پاس نہیں کرنا چاہیے تھے، کیوں کہ خوبصورت چہرے کا معیشت سے کوئی تعلق نہیں۔