اسلام آباد (یو این پی)وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ فارن فنڈنگ کیس میں ہمیں پھنسانے والے اب خود پھنس چکے ہیں۔وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت حکومتی رہنماوں کا اجلاس ہوا، جس میں سیاسی صورتحال پر مشاورت کی گئی، اور حکومتی رہنماؤں کو براڈشیٹ، فارن فنڈنگ کیس اور قبضہ مافیا ہے خلاف کریک ڈاؤن پر بریفنگ دی گئی۔وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ حیرت ہے سرکاری زمینوں کا قبضہ چھڑانے کو بھی سیاسی انتقام قرار دیا جا رہا ہے، سرکاری زمینوں پر قبضہ کرنے والوں کو (ن) لیگ کی سرپرستی حاصل رہی، سیاسی سرپرستی کے بغیر کوئی بھی سرکاری زمین پر قبضہ نہیں کر سکتا، قبضہ مافیا کے خلاف آپریشن کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے، اور حکومتی ترجمان قبضہ مافیا کے خلاف آپریشن کی تفصیلات سے قوم کو آگاہ کریں۔وزیراعظم نے کہا کہ فارن فنڈنگ کیس میں ہمیں پھنسانے والے اب خود پھنس چکے ہیں، الیکشن کمیشن میں ہمارا مؤقف درست ثابت ہوا، براڈشیٹ کے معاملے پر شفاف اور منصفانہ تحقیقات کرانا چاہتے ہیں، قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والے ہر کردار کو سامنے لائیں گے، اپوزیشن کی خام خیالی ہے کہ وہ پروپیگنڈا کر کے حقائق چھپا لیں گے۔