اوکاڑہ(یواین پی)ڈپٹی کمشنرعامر عقیق خان نے کہا ہے کہ زرعی معیشت پاکستان کی ترقی کی بنیاد ہے کسانوں کی خوشحالی سے ہی دیہات میں خوشحالی آئے گی زرعی شعبہ کو منافع بخش سیکٹر بنانے کے لئے ضروری ہے کہ زراعت سے جڑے ہوئے تمام محکمے اپنی خدمات زرعی ترقی کے لئے وقف کریں اور کسانوں کی رہنمائی کا فریضہ بھر پور انداز میں ادا کریں تمام سرکاری محکمے کسانوں کی جانب سے اٹھائے گئے سوالوں کے جواب اس انداز سے دیں کہ کسانوں کی رہنمائی ہو سکے اور ان کے خدشات بھی دور ہوں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلعی ایگری کلچر ایڈوائز ری کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔جس میں کمیٹی کے اراکین ،کسان تنظیموں کے نمائندوں ،زرعی ادویات اور کھاد ڈیلرز ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے شرکت کی ۔ا س موقع پر ڈپٹی ڈائر یکٹر زراعت توسیع چوہدری شہباز اختر نے ضلع میں آلو کی برداشت اور بہاریہ مکئی کی کاشت کی صورت حال سے متعلق بریفنگ دی ۔انہوںنے ضلع میں کیمیائی کھادوں کی دستیابی سے متعلق بتایا کہ یو ریا کھاد اور ڈی اے پی کھادوافر مقدار میں موجود ہے اور مقررہ نرخوں پر کسانوں کو دستیاب ہے ۔محکمہ اصلاح آبپاشی ،لائیو سٹاک ،پیسٹ وارننگ نے اپنے اپنے محکموں کے ترقیاتی منصوبوں اور ضلع میں جاری ترقیاتی سکیموں سے متعلق بریفنگ دی ۔اس موقع پر محکمہ انہار اور واپڈا کے افسران نے کسانو ں کی طرف سے اٹھائے گئے نکات سے متعلق وضاحت کی ۔ڈپٹی کمشنر عامر عقیق خان نے ہدایت کی کہ تمام سرکاری محکمے زمینداروں کی جانب سے اٹھائے گئے نکات اور تجاویز پر عملد رآمد سے متعلق رپورٹ آئندہ اجلاس میں پیش کریں ۔اجلاس میں بھل صفائی اور کلین اینڈ گرین مہم سمیت جانوروں کی ویکسینیشن اور زمین کے تجزیئے کروانے کی مہم کے معاملات بھی زیر غور آئے۔