زرعی آلات و مشینری کی رعایتی قیمت پر فراہمی کیلئے کاشتکاروں سے درخواستیں مطلوب

Published on February 2, 2021 by    ·(TOTAL VIEWS 458)      No Comments

اوکاڑہ (یواین پی ) وزیر اعظم کے زرعی ایمرجنسی پروگرام2020-21 کے تحت گندم کی فی ایکڑ پیداوار کے قومی منصوبہ کے تحت زرعی آلات و مشینری کی رعایتی قیمت پر فراہمی کیلئے کاشتکاروں سے درخواستیں مطلوب ۔ترجمان زراعت کے مطابق وزیراعظم کے زرعی ایمرجنسی پروگرام کے تحت گندم کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ اور مشینی زراعت کے فروغ کیلئے کاشتکاروں کو زیرو ٹیلج ڈرل، ہیپی سیڈرز، ڈرائی سوئنگ ڈرل، شیلو ڈرل، وتر سوئنگ ڈرل، ربیع ڈرل، ویٹ بیڈ پلانٹر اور سلیشر کی رعایتی قیمت پر فراہمی کیلئے محکمہ زراعت پنجاب نے درخواستیں طلب کر لی ہیں۔ اس ضمن میں ایسے کاشتکار/ مزارع/ ٹھیکیدار جو 12.5 ایکڑ تک زمین اور کم از کم 50 ہارس پاور ٹریکٹر کا مالک ہو درخواست دینے کا اہل ہوگا۔ زرعی رقبہ کی مشترکہ ملکیت کی صورت میں خاندان کا صرف ایک فرد سبسڈی سکیم کیلئے اہل ہوگا۔ درخواست گزار ایک یا ایک سے زائد زرعی آلات یا مشینری کیلئے درخواست دے سکتا ہے۔ اس سکیم کے تحت کاشتکار کو حاصل کردہ زرعی آلات/ مشینری 3 سال تک دوسرے کاشتکاروں کو کرایہ پر دینے کی پابندی ہوگی۔ قرعہ اندازی میں نام نکلنے کی صورت میں 15 یوم کے اندر منظور کردہ فرم سے مجوزہ زرعی آلات یا مشینری کی بکنگ کروانا ہوگی۔ زرعی آلات/ مشینری کی الاٹمنٹ کے متعلق الاٹمنٹ کمیٹی/ ناظم اعلیٰ زراعت (توسیع) کا فیصلہ حتمی ہوگا۔ کاشتکار کو شناختی کارڈ، ٹریکٹر کی رجسٹریشن بک، زرعی رقبہ اور فرد ملکیت کی تصدیق شدہ کاپی اور 100 روپے کے اشٹام پیپر پر بیان حلفی درخواست کے ساتھ جمع کروانا ہوگا۔ اس ضمن میں کاشتکار درخواست فارم متعلقہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت (توسیع) کے دفاتر سے حاصل کر سکتے ہیں اور مکمل درخواستیں متعلقہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت (توسیع) کے دفتر میں 20 فروری 2021 تک وصول کی جائیں گی۔ مزید معلومات کیلئے کاشتکار متعلقہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر کے دفتر میں دفتری اوقات میں رابطہ کر سکتے ہیں۔

Readers Comments (0)




Weboy

Free WordPress Theme