نئی دہلی: (یواین پی) کانگریس کے سینئر رہنما اور سابق صدر راہول گاندھی نے کہا ہے کہ کسان ملک کی طاقت ہیں اور ان کی تحریک کو قلعہ بندی کرکے دبانا خطرناک ہے اس لئے حکومت کو مسئلے کا حل نکالنے کے لئے کسانوں سے بات چیت کرنی چاہئے۔بدھ کو پارٹی ہیڈکوارٹر میں پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ حکومت کو کسانوں کی بات سننی چاہئے اور ان کے مطالبات پر مثبت غور کر زراعت سے متعلق قوانین کو واپس لینا چاہئے۔ چین اور کسانوں کو لے کر ملک کی کوئی حکمت عملی نہیں ہے جس سے ثابت ہوتا ہے کہ ہمارے یہاں قیادت کا فقدان ہے اور ملک کو سنبھالنے کا نظریہ قیادت میں نہیں ہے۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت حالات کو سنبھال نہیں پارہی ہے ۔ وزارت داخلہ کی ذمہ داری تھی کہ کوئی بھی عناصر لال قلعہ پر نہیں جا پاتا لیکن حکومت ناکام ثابت ہوئی ہے اس لئے سماج دشمن عناصر نے لال قلعہ پر جاکر فساد کیا ہے۔