لاہور (یواین پی) نمود و نمائش تو جیسے لوگوں کی گھٹی میں شامل ہو گئی ہے اور سب سے بڑھ کر رعب ڈالنا یا پھر کسی کو مرعوب کرنا۔لہٰذا یہ سب کرنے کے لیے لوگ بڑی بڑی گاڑیوں کے ساتھ تصاویر بنوائیں گے مشہور شخصیات کے ساتھ سیلفیاں لیں گے یا پھر سستی اداکاری کے چکر میں اسلحہ لہرا کر ویڈیو بنائیں گے ا ور پھر اس ویڈیو کو سوشل میڈیا پر ڈال دیں گے،تب ویڈیو وائرل ہو گی اور سب تک پہنچے گی اوران سب لوگوں میں پولیس بھی شامل ہو گی اور پولیس بھی اسلحہ کی نمائش والی ویڈیو سے متاثر ہو گی لہٰذا متاثر ہونے کے بعد وہ اس ٹک ٹاکر سے ملنے کا منصوبہ بنائے گی اور ملنے کے بعد اس نوجوان کو جیل یاترا کرائے گی جہاں بڑے مزے سے روایتی سوال پوچھا جائے گا کہ ”چن کتھاں گزاری ہئی رات وے“،جی بالکل ابھی کل ہی کے روز ایک ٹک ٹاکر کوسوشل میڈیا پر اسلحہ کی نمائش کرنے کے جرم میں گرفتار کیا گیا ہے۔اطلاعات کے مطابق اسلحہ کی نمائش کرنے والا ایک اور ٹک ٹاکر قانون کے شکنجے میں آگیا، ملزم حماد کو شالیمار پولیس نے گرفتار کر لیا۔لاہور پولیس اسلحہ کی نمائش اور ہوائی فائرنگ کرنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ پولیس کے مطابق ٹک ٹاکر حماد نے چند روز قبل اسلحہ کی نمائش کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر اپلوڈ کی تھی، جس پر پولیس نے قانونی کارروائی کرتے ہوئے اسے گرفتار کرلیا ہے۔
ملزم کے قبضے سے 2 پستول اور گولیاں برآمد کرکے مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ پولیس کی جانب سے کہا گیا ہے کہ امن و امان کا قیام اولین ترجیح ہے، اسلحہ کی نمائش کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔یاد رہے اس سے قبل شاہدرہ کے علاقے میں نوجوان کی ہوائی فائرنگ کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس پر سی سی پی او نے واقعہ کا نوٹس لیا تھااورپولیس نے ملزم کو گرفتار کرتے ہوئے مقدمہ درج کرلیا تھا۔اب ایک اور ٹک ٹاکر کو بھی گرفترا کر کے حوالات میں بند کر دیا گیا ہے،پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ہمیں امید ہے کہ اس قسم کے اقدامات سے سوشل میڈیا یا پھر سرعام اسلحہ کی نمائش کرنے سے لاگ باز آئیں گے او رکرائم ریٹ میں بھی کمی واقع ہو گی۔