اسلام آباد (یواین پی) ملک بھر میں کورونا کے وار تاحال جاری ہیں۔ گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے باعث 59 افراد جان کی بازی ہار گئے۔ جس کے بعد اموات کی تعداد 12 ہزار 26 ہوگئی۔ جبکہ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 5 لاکھ 55 ہزار 511 ہوگئی۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک ہزار 37 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں ایک لاکھ 60 ہزار 935، سندھ میں 2 لاکھ 51 ہزار 47، خیبر پختونخوا میں 68 ہزار 531، بلوچستان میں 18 ہزار 869، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 916، اسلام آباد میں 41 ہزار 994 جبکہ آزاد کشمیر میں 9 ہزار 219 کیسز رپورٹ ہوئے۔کورونا کی دوسری لہر کے دوران مثبت کیسزمیں نمایاں کمی ہوئی اور شرح تین اعشار نو فیصد ہوگئی ہے۔صورتحال 10 نومبر سے قبل کے حالات کی جانب واپس آ گئی ہے۔ پاکستان میں کورونا کی ویکسینیشن بھی جاری ہے اور پہلے مرحلے میں ہیلتھ ورکرز کو کورونا ویکسین لگائی جا رہی ہے۔ ملک بھر میں ایڈلٹ ویکسینیشن مراکز قائم کیے جا چکے ہیں اور ویکسینیشن کا تمام تر عمل ڈیجیٹل میکنزم سے کنٹرول کیا جائے گا۔ویکسینیشن کے پہلے مرحلے کے لیے پنجاب میں 189 اور سندھ میں 14 مراکز قائم کیے گئے ہیں جبکہ خیبر پختونخوا میں 280، بلوچستان میں 44 اور اسلام آباد میں 14 ویکسینیشن سینٹر قائم کیے جا چکے ہیں۔ آزاد کشمیر میں 25 اور گگلگت بلتستان میں بھی 16 مراکز کے ذریعے ویکسینیشن کی جائے گی۔ دوسری جانب دنیا بھر میں کورونا کیسز کی تعداد 10 کروڑ 66 لاکھ 77 ہزار سے بڑھ گئی ہے اور 23 لاکھ 26 ہزار 824 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں۔خیال رہے کہ اعداد و شمار کے مطابق کورونا وائرس کا پہلا کیس 17 نومبر 2019 کو رجسٹرڈ ہوا تھا جس کے بعد 27 جون 2020 کو کیسز کی تعداد ایک کروڑ ہوگئی تھی۔ 24 نومبر کو کورونا کیسز کی تعداد چھ کروڑ ہوئی تھی، دس دسمبر 2020 کو کیسز سات کروڑ تک پہنچ گئے تھے، 25 دسمبر کو کیسز کی تعداد آٹھ کروڑ ہو گئی، 9 جنوری کو کیسز نے نو کروڑ کا ہندسہ عبورکرلیا تھا اور 25 جنوری کو کیسز دس کروڑ سے بڑھ گئے تھے۔