کراچی(یو این پی)شاہ فیصل کالونی پل پرتیز رفتار کاررینجرزکی موبائل سے ٹکرا گئی ، حادثے میں ایک رینجرزاہلکار شہید ہوگیا جبکہ 2 رینجرز اہلکاروں سمیت6 افراد زخمی ہو گئے جنہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔جمعے کی شب شرافی گوٹھ تھانے کے حدود میں واقع شاہ فیصل کالونی پل پر تیز رفتار کار رینجرز کی موبائل سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں 3 رینجرز اہلکاروں سمیت 7 افراد شدید زخمی ہو گئے جنہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کردیا جہاں زخمی رینجرز اہلکاروں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔حادثے میں تیز رفتار کار اور رینجرز کی موبائل کو شدید نقصان پہنچا۔ اس حوالے سے ایس ایچ او شرافی گوٹھ عدیل شاہ نے بتایا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق ٹریفک حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا ، تیز کار ڈرائیور سے بے قابو ہونے کے بعد پیٹرولنگ میں مصروف رینجرز کی موبائل سے پیچھے کی جانب سے ٹکرا گئی۔انھوں نے بتایا کہ حادثے میں شدید زخمی ہونے والا ایک رینجرز اہلکار دوران علاج شہید ہو گیا ہے جس کی شناخت حوالدار طفیل کے نام سے کر لی گئی ہے، حادثے سے متعلق مزید معلومات اکٹھا کی جا رہی ہیں۔