مسلسل آٹھویں مہینے ترسیلات زر کا حجم 2 ارب ڈالر سے زائد

Published on February 16, 2021 by    ·(TOTAL VIEWS 179)      No Comments


اسلام آباد / کراچی (یواین پی)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے ایک ماہ کے دوران 2 ارب 27 کروڑ ڈالرز مالیت کی ترسیلات زر بھجوائیں اور یہ مسلسل آٹھواں مہینہ ہے جس میں ترسیلات زر کا حجم 2 ارب ڈالر سے زیادہ رہا۔وزیر اعظم عمران خان نے اپنی ٹوئٹ میں کہا ہے کہ جنوری 2021 کے دوران بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے 2 ارب 27 کروڑ ڈالر کی ترسیلات زر بھجوائیں، جو کہ گزشتہ برس کے اسی مہینے کے مقابلے میں 19 فیصد زیادہ ہے، یہ مسلسل آٹھواں مہینہ ہے جس میں ترسیلات زر کا حجم 2 ارب ڈالر سے زیادہ رہا۔ رواں برس اب تک گزشتہ برس کے مقابلے میں 24 فیصد زائد ترسیلات زر بھجوائی گئی ہیں جو کہ ایک ریکارڈ ہے اور اس پر وہ سمندر پار مقیم پاکستانیوں کے شکر گزار ہیں۔اپنی دوسری ٹوئٹ میں وزیر اعظم نے لارج اسکیل مینوفیکچرنگ (بڑے پیمانے پر پیداواری شعبہ) کے حوالے سے بھی اچھی خبر بتاتے ہوئے کہا کہ لارج اسکیل مینوفیکچرنگ میں دہرے ہندسے کی نمو دیکھنے میں آئی ہے، دسمبر 2019 کے مقابلے میں دسمبر 2020 میں لارج اسکیل مینوفیکچرنگ میں 11 اعشاریہ 4 فیصد اضافہ ہوا، اس طرح جولائی 2020 سے دسمبر تک لارج اسکیل مینوفیکچرنگ میں 8 فیصد اضافہ ہوا ہے، صنعتی شعبے میں بھی خوشخبری مستحکم نمو کی عکاس ہے۔دوسری جانب اسٹیٹ بینک نے اپنے اعلامیے میں بتایا ہے کہ جنوری 2021 کے دوران بیرون ملک سے ترسیلات زر کی مالیت 2 ارب 30 کروڑ ڈالر کے قریب رہیں جو کہ جنوری2020 کے مقابلے میں 19 فیئصد زیادہ ہیں۔ تاہم گزشتہ ماہ (دسمبر 2020) میں ترسیلات زر کی مالیت 2 ارب 40 کروڑ ڈالر کے قریب تھی۔ مجموعی طور پر رواں مالی جولائی تا جنوری کے دوران ترسیلات زر کا حجم 16 ارب 50 کروڑ ڈالر کے قریب ہوگیا ہے۔

Readers Comments (0)




Weboy

WordPress Blog