پی ایس ایل 6؛ کپتانوں نے ٹرافی کا خواب آنکھوں میں سجالیا

Published on February 17, 2021 by    ·(TOTAL VIEWS 146)      No Comments


کراچی(یواین پی )ایچ بی ایل پی ایس ایل6 میں شریک اسکواڈز نے ٹرافی کا خواب آنکھوں میں سجالیا۔کپتانوں نے ٹائٹل پر قبضہ جمانے کیلیے بلند عزائم کا اظہار کردیا، پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض کا کہنا ہے کہ مثبت اور جارحانہ کرکٹ کھیلنے کی کوشش کریں گے، کامران اکمل،روی بوپارا اور شعیب ملک اہم ستون ہوں گے۔ لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اخترنے کہا کہ گزشتہ سال کے ٹاپ تھری بولرز ہماری لائن اپ میں ہیں،اسپن بولنگ میں تجربے کی کمی راشد خان نے پوری کردی،ان فارم محمدحفیظ کا فائدہ اٹھائیں گے،کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ بھرپور تیاری کے ساتھ میدان میں اترتے ہوئے بہترین پرفارم کرینگے، کرس گیل، ڈیل اسٹین اور کیمرون ڈیلپورٹ کی موجودگی ٹیم کا اعتماد بڑھائے گی،دریں اثنا ٹیموں نے بھرپور مشقوں کا سلسلہ جاری رکھا،پریکٹس میچز بدھ سے شروع ہوں گے،کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی جبکہ کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کا ٹکراؤ ہوگا۔تفصیلات کے مطابق ورچوئل پریس کانفرنس میں پشاورزلمی کے کپتان وہاب ریاض نے کہا کہ ہم پانچوں سیزن میں پلے آف مرحلے تک پہنچے تھے، پی ایس ایل6 میں مثبت اور جارحانہ کرکٹ کھیلنے کی کوشش کریں گے،اچھے کمبی نیشن کے ساتھ میدان میں اترتے ہوئے بہترین نتائج کیلیے سخت محنت کرینگے، گذشتہ سیزن کی غلطیاں نہیں دہرائیں گے،انھوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کو ان کے کردار بتا دیے، کامران اکمل ہمارے وکٹ کیپر ہیں،امام الحق کو متبادل کے طور پر تیار کررہے ہیں، بیٹنگ میں تجربہ کار کھلاڑیوں کامران اکمل،روی بوپارا اور شعیب ملک اہم ستون ہوں گے۔ردر فورڈ اور عمران بٹ سے بھی اچھی توقعات وابستہ ہیں۔ وہاب ریاض نے کہا کہ پشاور زلمی کو خیرباد کہہ کر اسلام آباد یونائیٹڈ کو جوائن کرنے والے فاسٹ بولر حسن علی کیلیے نیک خواہشات ہیں، عماد بٹ اور عرفان سینئر ان کاخلا پورا کرنے کی کوشش کرینگے، ڈیرن سیمی کی پشاور زلمی کیلیے بہت خدمات ہیں،بطور ہیڈ کوچ ان کا ساتھ ہمارے لیے بہت فائدہ مند ہوگا۔دوسری طرف لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اخترنے کہا کہ ہمارے لیے گذشتہ سیزن اچھا رہا، بیٹسمین اور بولرز فارم میں نظر آئے، ہم پی ایس ایل6 میں بہترین کارکردگی دکھانے کے لیے پْرعزم ہیں۔ایونٹ کیلیے ہماری تیاریاں مکمل ہو چکیں،کھلاڑی فارم میں ہیں، اس بار ہم مزید بہتر پلاننگ کے ساتھ آ رہے ہیں، ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کا بہترین بولنگ اٹیک ہمارے پاس ہے، گذشتہ سال کے ٹاپ تھری بولرز ہماری لائن اپ میں ہیں، اسپن بولنگ میں تجربے کی کمی راشد خان کے آنے سے پوری ہوگئی،ورلڈکلاس افغان اسپنر کو دنیا بھر کی لیگز میں کھیلنے کا تجربہ حاصل ہے، انھوں نے کہا کہ محمد حفیظ ہمارے اہم کھلاڑی ہیں،ان کی حالیہ فارم ٹیم کیلیے سود مند ثابت ہوگی،ہم مثبت کرکٹ کھیلیں گے، فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی پاکستان کا اثاثہ ہیں۔کوشش کریں گے کہ ان پر کام کا کم بوجھ ڈالا جائے، فی الحال ان کو آرام دے رہے ہیں،سہیل اختر نے کہا کہ کراؤڈ کی آمد سے کھلاڑیوں کے جوش و خروش میں مزید اضافہ ہوگا،ہم شائقین کو بہترین تفریح فراہم کرنے کی کوشش کریں گے، گذشتہ سیزن کے فائنل میں پچ کو سمجھنے میں غلطی ہوئی، اس بار موقع ملا تو بہتر کارکردگی دکھائیں گے۔اپنے ویڈیو پیغام میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ گذشتہ ایونٹ میں ٹیم کی کارکردگی اچھی نہیں رہی تھی، اس بار بہتر تیاری کے ساتھ میدان میں اترتے ہوئے عمدہ پرفارم کریں گے،شین واٹسن کمی بہت محسوس ہوگی۔البتہ کرس گیل، ڈیل اسٹین اور کیمرون ڈیلپورٹ کا ساتھ ٹیم کا اعتماد بڑھائے گا،میں ضرورت کے مطابق اپنے بیٹنگ آرڈر کا فیصلہ کروں گا، کوشش ہوگی کہ ذاتی پرفارمنس سے ٹیم کی فتوحات میں اہم کردار ادا کروں،دریں اثناء ٹیموں نے منگل کو بھی پریکٹس سیشنز میں شرکت کی،سہ پہر میں نیشنل اسٹیڈیم اور حنیف محمد ریجنل ہائی پرفارمنس سینٹر پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز،لاہور قلندرز اور پشاور زلمی نے بھرپور مشقوں کا سلسلہ جاری رکھا، نیشنل اسٹیڈیم میں رات کے سیشن میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور ملتان سلطانز کی ٹیموں نے اپنے کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو نکھارا، دفاعی چیمپئن کراچی کنگز نے معین خان اکیڈمی گراؤنڈ پر پریکٹس جاری رکھی، بدھ سے سے پریکٹس میچز کا آغاز ہورہا ہے،نیشنل اسٹیڈیم میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی، معین خان اکیڈمی میں دفاعی چیمپئن کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کا ٹکراؤ ہوگا، قبل ازیں سہ پہر3 بجے اسلام آباد یونائیٹڈ اور ملتان سلطانز کی ٹیمیں پریکٹس کریں گی۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Themes

Premium WordPress Themes