اسلام آباد(یواین پی)سپریم کورٹ کے چیف جسٹس گلزار احمد نے ملک بھر کے پولیس افسران کی تعلیمی اسناد کی جانچ پڑتال کا حکم دے دیا۔ایکسپریس نیوز کے مطابق چیف جسٹس گلزار احمد کی زیر صدارت پولیس اصلاحات کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں چیف جسٹس نے ملک بھر کے پولیس افسران کی ڈگریاں چیک کرانے کا حکم جاری کردیا۔چیف جسٹس نے کہا کہ تمام آئی جیز افسران اور اہل کاروں کی تعلیمی اسناد کی تصدیق کرائیں، غیر ضروری دباؤ کے خاتمے کے لیے پولیس میں تبادلوں کا اختیار آئی جی کے پاس ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی اور عام مقدمات میں فرق کے لیے عدالتی فیصلوں کو مدنظر رکھا جائے، متنازع مقدمات میں غیر ضروری گرفتاریوں سے گریز کیا جائے۔چیف جسٹس نے پولیس اصلاحات پر عمل درآمد کے لیے آئندہ اجلاس میں سیکریٹری داخلہ اور صوبائی چیف سیکریٹریز کو بھی طلب کرلیا۔