لاہور (یواین پی) 4 حلقوں میں ضمنی الیکشن کے نتائج مکمل، ن لیگ 3 نشستوں پر فتح حاصل کرنے میں کامیاب۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب اور خیبرپختونخواہ کے 2 قومی اسمبلی اور 2 صوبائی اسمبلی کے حلقوں میں ہونے والے ضمنی الیکشن کے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج سامنے آگئے ہیں۔ مسلم لیگ ن ضمنی الیکشن کا یہ معرکہ سر کرنے میں کامیاب رہی۔غیر سرکاری غیر حتمی نتائج کے مطابق مسلم لیگ ن این اے 75 ڈسکہ، پی پی 51 وزیرآباد، پی کے 63 نوشہرہ میں فتحیاب رہی جبکہ تحریک انصاف این اے 45 کرم میں فتح حاصل کر سکی۔ این اے 75 ڈسکہ کے تمام 360 پولنگ اسٹیشنز میں ن لیگ کی نوشین افتخار 1 لاکھ 58 ہزار 791 ووٹ لے کر فاتح قرار پائیں۔ جبکہ تحریک انصاف کے علی اسجد ملہی 1 لاکھ 42 ہزار 311 ووٹ حاصل کر سکے۔تحریک انصاف کے امیدوا کو 16 ہزار 480 ووٹوں سے شکست ہوئی۔ پی پی 51 وزیرآباد میں ن لیگ کی بیگم طلعت محمود 53903 ووٹ لے کر فتحیاب قرار پائی ہیں۔ تحریک انصاف کے امیدوار چودھری یوسف نے 48 ہزار 484 ووٹ حاصل کر سکے۔ پی کے 63 نوشہرہ میں مسلم لیگ ن نے تحریک انصاف کو اپ سیٹ شکست دے دی۔ مسلم لیگ ن کے اختیار ولی 21122 ووٹ لے کر جیت گئے ہیں جبکہ تحریک انصاف کے میاں عمر 17023 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔جبکہ تحریک انصاف بھی ایک نشست جیتنے میں کامیاب رہی۔ تحریک انصاف ن لیگ کے ہاتھوں 3 نشستوں پر شکست کھانے کے بعد قومی اسمبلی کی نشست این اے این اے 45 کرم پر فتح حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی۔ حلقہ این اے 45 کرم کے تمام 134 پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج کے مطابق تحریک انصاف کے امیدوار ملک فخر زمان 15 ہزار 245800 ووٹ حاصل کر کے کامیاب قرار پائے۔جبکہ آزاد امیدوار سید جمال 12648 زائد ووٹ حاصل کر سکے۔ بتایا گیا ہے کہ این اے 45 ضلع کرم کی نشست جے یو آئی ف کے رکن قومی اسمبلی منیر خان اورکزئی کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔ تاہم پی ڈی ایم کے مشترکہ امیدوار جے یو آئی ف کے ملک جمیل خان نشست ناصرف جیتنے میں ناکام رہے، بلکہ وہ دوسری پوزیشن بھی حاصل نہ کر سکے۔ واضح رہے کہ این اے 75 ڈسکہ کی نشست مسلم لیگ ن کے ایم این اے افتخارالحسن شاہ کے انتقال کے باعث، حلقہ پی پی 51 کی نشست ن لیگ کے شوکت منظور چیمہ کے انتقال کے باعث، پی کے 63 نوشہرہ کی نشست تحریک انصاف کے وزیر میاں جمشید الدین کاکا خیل کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔