اسلام آباد(یواین پی ) فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) نے رواں مالی سال کے پہلے 7 ماہ (جولائی تا جنوری) کے دوران مجموعی طور پر 35 ارب روپے کی اسمگلنگ کی اشیاء ضبط کرلی ہیں۔فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق وزیر اعظم کے وژن کو مدنظر رکھتے ہوئے پاکستان کسٹمز اور ایف بی آر نے اسمگلنگ کی لعنت کے خاتمے کے لئے قابل ذکر کارروائیاں کی ہیںم جس کے حوصلہ افزا نتائج حاصل ہوئے ہیں اور مقامی معیشت اور صنعت کی افزائش کے لئے ساز گار ماحول میسر آیا ہے۔رواں مالی سال جولائی تا جنوری 59 فیصد اضافہ کے ساتھ 35 ارب روپے مالیت کی اسمگل شدہ اشیاء ضبط کی گئی ہیں جب کہ پچھلے سال جولائی تا جنوری 22ارب روپے مالیت کی اسمگل شدہ اشیاء ضبط کی گئی تھیں۔ اس طرح رواں مالی سال کے پہلے 7 ماہ میں ایف بی آر کی اسمگلنگ کی روک تھام کی کاروائیوں اور ضبط شدہ اشیاء کی مالیت پچھلے سال 12 ماہ کے برابر ہو گئی ہے جو کہ 36ارب روپے تھی۔ایف بی آر کے مطابق رواں مالی سال ضبط شدہ اشیاء میں 66 فیصد اضافہ کے ساتھ 11.3 ارب روپے مالیت کی بغیر کسٹمز ادائیگی کی گاڑیاں، 105 فیصد اضافہ کے ساتھ 3.4 ارب روپے کی چھالیہ، 28 فیصد اضافہ کے ساتھ 1.9 ارب روپے کا کپڑا، 70 فیصد اضافہ کے ساتھ 553 ملین روپے کے سیگریٹس، 113 فیصد اضافہ کے ساتھ 492 ملین روپے کے آٹو پارٹس، 67 فیصد اضافہ کے ساتھ 380 ملین روپے کی الیکٹرانک اشیاء، 93 فیصد اضافہ کے ساتھ 899 ملین روپے کا ڈیزل اور 104 فیصد اضافہ کے ساتھ 271 ملین روپے کے زیورات و جواہرات شامل ہیں۔رواں مالی سال بڑی مالیت کی شراب ، نہایت قیمتی باز اور بڑی مقدار میں منشیات بھی ضبط کی گئی ہے اس کے علاوہ پاکستان کسٹمز نے ساٹھ ٹن آیوڈین بھی ضبط کی جو کہ غیر قانونی منشیات کے بنانے میں استعمال کی جاتی ہے۔ اس کارروائی کی تعریف بین الاقوامی ایجنسیز نے بھی کی ہے۔مزید برآں غیر قانونی پیٹرول پمپس کے خلاف موثر کارروائیوں کے نتیجے میں 2000 غیر قانونی پیٹرول پمپس سیل کئے گئے اور ذمہ داران کے خلاف تادیبی کاورائی کا آغاز کیا گیا ان اقدامات کے نتیجے میں مقامی صنعت کو اپنے کاروبار کی بڑھوتری کے لئے سازگار ماحول میسر آیا ہے جس کے باعث ملکی معیشت پروان ہو رہی ہے۔