ممبئی(یوا ین پی) بالی ووڈ انڈسٹری پر راج کرنے والی ڈریم گرل ہیما مالنی کا کہنا ہے کہ دھرمیندر سنگھ سے دوستی کی وجہ سے والد تشویش میں مبتلا رہتے تھے۔ہیما مالنی نے حال ہی میں ’’انڈین آئیڈل 12‘‘ کے شو میں شرکت کی جہاں انہوں نے اپنے اور دھرمیندر سنگھ سے متعلق بتایا کہ کافی فلموں میں ساتھ کام کرنے کی وجہ سے دھرمیندر اور میری کافی بنتی تھی اور ہماری دوستی کے کافی چرچے بھی تھے جس کی وجہ سے والد صاحب ہمیشہ تشویش میں مبتلا رہتے تھے۔فلم شعلے کی اداکارہ نے بتایا کہ میں اکثر فلم کی شوٹ کے لیے والدہ یا آنٹی کے ساتھ جایا کرتی تھی لیکن ایک روز ایسا ہوا کہ گانے کی شوٹ کے دن والد صاحب میرے ساتھ آگئے کیوں کہ انہیں پتا تھا کہ اس شوٹنگ میں دھرمیندر بھی میرے ساتھ ہوں گے، اس دن والد کی پوری کوشش تھی کہ دھرمیندر کسی بھی طرح فارغ وقت میرے ساتھ نہ گزاریں۔اداکارہ کا کہنا تھا کہ والد صاحب اچھی طرح جانتے تھے کہ دھرمیندر اور میں اچھے دوست بھی ہیں لیکن اس کے باوجود والد ان کے ساتھ زیادہ وقت گزارنے نہیں دیا کرتے تھے۔ہیما مالنی نے مزید کہا کہ مجھے آج بھی یاد ہے کہ جب ہمیں شوٹنگ کے مقام سے کسی اور جگہ جانا ہوتا تھا تو ایسے مواقع پر دھرمیندر کی وجہ سے والد صاحب گاڑی میں پہلے ہی میری برابر والی سیٹ پر بیٹھ جایا کرتے تھے لیکن دھرمیندر بھی کسی سے کم نہیں تھے وہ بھی برابر میں ہی آکر بیٹھ جاتے تھے۔