سڈنی (یو این پی) آسٹریلیا کی سو سالہ تاریخ کے بدترین سیلاب نے نیو ساؤتھ ویلز کے علاقوں میں بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی۔عالمی میڈیا کے مطابق آسٹریلیا کی ریاست نیو ساوتھ ویلز میں مسلسل بارشوں کے باعث دریاؤں اور ڈیمز میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہوگئی جب کہ ڈیم کے بند ٹوٹ گئے اور سیلابی ریلہ رہائشی علاقے میں داخل ہوگیا۔سڈنی سمیت کئی بڑے شہر کے نشیبی علاقے زیر آب آگئے، کئی علاقوں کو خالی کروالیا گیا اور ہزاروں افراد کیمپوں میں پناہ لینے پر مجبور ہوگئے۔ حکومت نے 16 علاقوں کو آفت زدہ قرار دیدیا۔کئی اہم شاہراہوں اور ہائی ویز پر پانی کھڑا ہوگیا جس سے ٹریفک معطل ہوگیا اور شہریوں کی گاڑیاں پانی میں پھنس گئیں جنہیں بعد میں ریسکیو کیا گیا۔ ذرائع آمدورفت معطل ہیں۔محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ طوفانی بارشوں اور سیلاب کا سلسلہ اگلے ہفتے کے آخر تک جاری رہ سکتا ہے اس لیے شہری بلاوجہ گھر سے باہر مت نکلیں اور ساحلی علاقوں کا بالکل بھی رخ نہ کریں۔اسپتالوں میں 150 سے زائد معمولی زخمیوں کو لایا گیا ہے اور کوئی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔