اسلام آباد(یواین پی) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپنی جماعت کے کارکنان اور عہدے داران کو پی ڈی ایم کے حوالے سے تلخ بیانات نہ دینے کی ہدایت کردی ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے کارکنان و عہدے داران پی ڈی ایم اتحاد کے حوالے سے تلخ تبصروں سے گریز کریں۔چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت ہے کہ ایسے سخت ردعمل سے بھی گریز کیا جائے کہ جس سے حکومت کے خلاف اپوزیشن کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہو۔ پاکستان پیپلزپارٹی کے کارکنان و عہدیداران کو پی ڈی ایم اتحاد کے حوالے سے تلخ تبصروں سے گریز کرنا چاہیے۔واضح رہے کہ پیپلز پارٹی کی جانب سے اسمبلیوں سے استعفی دینے کی مخالفت کے بعد اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم میں کے شامل دو بڑی جماعتوں پاکستان مسلم لیگ ن اور پی پی پی کے مابین اختلاف اور تلخیاں کھل کر سامنے آگئی ہیں۔استعفوں پر اختلاف رائے کے باعث 26 مارچ کو پی ڈی ایم کا طے شدہ لانگ مارچ ملتوی ہونے کے بعد مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا تھا کہ سلیکٹڈ کا متبادل تیار کیا جارہا ہے۔ پیر کو منصورہ میں اس بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سلیکٹ ہونا ان کے خون میں شامل نہیں یہ لاہور کے ایک خاندان کی روایت ہے۔اس سے قبل 16 مارچ کو پی ڈی ایم کے سربراہی اجلاس میں سابق صدر آصف زرداری کی جانب سے قائد مسلم لیگ ن نواز شریف کے ملک واپسی کے مطالبے کے بعد اپوزیشن کی دونوں بڑی جماعتوں میں تلخیاں پیدا ہوگئی تھیں تاہم پی پی کی جانب سے استعفوں کے انکار کے بعد اختلافات کھ کر سامنے آگئے ہیں۔قبل ازیں پاکستان مسلم لیگ ن کے سیکریٹری جنرل احسن اقبال نے لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جو بھی پی ڈی ایم کی جدوجہد کو نقصان پہنچائے گا عوام اسے معاف نہیں کریں گے۔ ملک میں جمہوری جدوجہد کی خاطر بلال بھٹو اور آصف زرداری کے بیانات کا جواب نہیں دیں گے۔