لاہور (یواین پی) وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ تعلیمی ادارے بند کرنے سے مجھے بہت دکھ ہوتا ہے، امتحانات کا انعقاد ضرور ہو گا، کوئی طالب علم بغیر امتحان پاس نہیں ہو گا۔ تفصیلات کے مطابق نجی ٹیلی ویژ ن چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے تعلیم شفقت محمود نے کہا کہ تعلیمی ادارے بند کرنے سے مجھے خوشی نہیں بلکہ دکھ ہوتا ہے۔مخصوص اضلاع میں تعلیمی ادارے بند کیے گئے، 7 اپریل کو صورتحال کا دوبارہ جائزہ لیں گے۔انہوں نے کہا کہ امتحانات کا انعقاد ترجیح ہے، اب کوئی جواز نہیں کہ بغیر امتحان کے پاس کریں۔بغیر امتحان کے کسی کو بھی پروموٹ نہیں کیا جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ آن لائن تیاری جاری رہے گی، میٹرک اور انٹر کے امتحانات وقت پر ہوں گے، کیمبرج سے بات ہوئی ہے اور ان کو کہنا ہے کہ امتحانات کو اپریل سے آگے لے کر جائیں۔اپوزیشن اتحاد سے متعلق انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کبھی بھی حکومت کیلئے مسئلہ نہیں رہی، یہ اکٹھے ہوں نہ ہوں ہمیں اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے مخصوص اضلاع میں تعلیمی ادارے مزید بند رکھنے کا فیصلہ کرلیا ، لاہور سمیت دیگر اضلاع میں اسکول 11 اپریل تک بند رہیں گے ، وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ لاہور سمیت پنجاب کے چند اضلاع میں کورونا کا پھیلاو َ تشویش ناک ہے ، جب کہ سندھ ،بلوچستان اور گلگت بلتستا ن میں کورونا کی شدت کم ہے، جہاں کورونا کی شدت زیادہ ہے وہاں تعلیمی ادارے 11اپریل تک بند رہیں گے ، اسلام آباد میں 11 اپریل تک سارے تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔