لاہور (یواین پی) رواں سال پاکستانیوں کیلئے تاریخ کا مہنگا ترین حج ہونے کا امکان، پاکستانی عازمین حج کیلئے حج اخراجات 7 لاکھ روپے سے تجاوز کر جائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق رواں سال حج کی آمد میں اب چند ماہ کا ہی وقت باقی ہے۔ گزشتہ سال کرونا وبا کی وجہ سے معمول کے مطابق حج کا انعقاد نہیں ہو سکا تھا، تاہم اب امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ رواں سال دنیا بھر کے عازمین کو حج کیلئے سعودی عرب داخل ہونے کی اجازت مل جائے گی، تاہم اس حوالے سے تاحال حتمی اعلان نہیں ہوا۔جبکہ پاکستان کے حوالے سے ذرائع کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ حج معمول کے مطابق ہونے کی صورت میں پاکستانی عازمین کیلئے رواں سال کا حج تاریخ کا مہنگا ترین حج ثابت ہو سکتا ہے۔ قوی امکان ہے کہ رواں سال حج اخراجات 7 لاکھ روپے سے تجاوز کر جائیں۔تاہم اس حوالے سے وفاقی وزارت مذہبی امور کی جانب سے تاحال کوئی وضاحت جاری نہیں کی گئی۔ دوسری جانب سعودی حکام کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ کورونا وبا کے دنوں میں دوسرا حج آ چکا ہے ا ور اس بار بھی حج کے دنوں میں سخت قواعد و ضوابط لاگو کر دیے گئے ہیں۔لوگوں کی تعداد پہلے سے کم ہو گی اور اس بار ماسک کااستعمال اور ویکسی نیشن کے لیے بھی سختی کی جا رہی ہے۔اس حوالے سے سعودی حکومت نے نئے ایس او پیز جاری کر دیے ہیں جن پر عملدرآمد سختی سے کرائے جانے کا عندیہ دے دیا گیا ہے۔ حج 2021 کے لیے سعودی عرب کی جانب سے قواعد و ضوابط کے تحت عازمین کے لیے منظور شدہ کرونا ویکسین کی شرط لگا دی گئی ہے۔سعودی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ عازمین حج کو کرونا ویکسین ذوالحجہ سے قبل لگوانی لازمی ہوگی، عازمین ذوالحجہ سے قبل کرونا ویکسی نیشن کرائیں۔