اوکاڑہ(یواین پی)ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ چوہدری طاہر امین نے کہا ہے کہ اوکاڑہ کی زرعی اہمیت مسلمہ ہے اوکاڑہ اپنی زرعی پیداوار اور مال مویشی کی بہترین نسلوں کی وجہ سے جو خصوصی امتیاز حاصل کئے ہوئے ہے اس کو نہ صرف آگے بڑھانا ہے بلکہ کاشتکاروں کی سہولت کے لئے اس طرح کا ماحول پیدا کرنا ہے کہ کسان ضلع اوکاڑہ کو صوبہ کے ساتھ ساتھ پورے ملک میں سب سے نمایاں کرنے میں کامیاب ہو سکے تمام متعلقہ سرکاری ادارے کاشتکاروں کی فلاح و بہبود کے لئے اقدامات کریں اس سلسلہ میں افسران اپنی ذمہ داری کو احسن انداز سے ادا کریں ۔ان خیالات کا اظہار انہو ں نے ضلعی ایگر یکلچر ایڈوائزری کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔اجلاس میں کسان بورڈ اور دیگر کسان تنظیموں کے نمائندوں اور متعلقہ افسران نے شرکت کی ۔اس موقع پرڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع چوہدری شہباز اختر نے اجلاس کو ضلع میں مو سمی مکئی کی برداشت اور پیداوار ،آلو اور گندم کی کاشت اور فصل کی صورت حال ،ضلع میں کیمیائی کھادوں کی دستیابی سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی ڈسٹرکٹ آفیسر آن فارم واٹر مینجمنٹ نے جدید کاشتکاری کے رجحان کو بڑھاوا دینے کے لئے واٹر مینجمنٹ کی سکیموں سے متعلق بریفنگ دی۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ چوہدری طاہر امین نے محکمہ زراعت سمیت متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ حکومتی اقدامات اور کسانوں کی بہتری کے لئے شروع کئے گئے منصوبوں کو ثمر آور بنانے کے لئے کاشتکاروں سے رابطہ رکھیں اور ان کی رہنمائی کریں ۔انہوں نے کسان اتحاد اور کسان بورڈ کے نمائندگان کی قابل عمل تجاویز پر رپورٹ مرتب کرنے کی بھی ہدایت کی ۔